Dawn News Television

اپ ڈیٹ 13 اکتوبر 2020 03:53pm

سعودی عرب میں پہلی بار خواتین کے گالف ٹورنامنٹ منعقد کرنے کا اعلان

اسلامی دنیا کے اہم ترین ملک سعودی عرب میں اگرچہ گزشتہ چند برس سے خواتین کو کھیل کھیلنے کی اجازت ہے، تاہم اب بھی بہت سے کھیل ایسے ہیں جن میں تاحال سعودی خواتین کو اپنی مہارت دکھانے کا موقع نہیں ملا۔

ایسے ہی کھیلوں میں گالف کا کھیل بھی شامل ہے اور اب سعودی عرب میں پہلی بار خواتین کے گالف ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوگا۔

جی ہاں، سعودی عرب کی حکومت رواں برس نومبر میں خواتین کے تین روزہ گالف ٹورنامنٹ کا انعقاد کرے گی، جس میں سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کی خواتین کھلاڑی بھی شامل ہوں گی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق رواں برس نومبر میں لیڈیز یورپین ٹوئر (ایل ای ٹی) کی جانب سے دی سعودی لیڈیز انٹرنیشنل نامی گالف ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔

مذکورہ گالف ٹورنامنٹ سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ رائل گرین گالف اینڈ کنٹری کلب میں ہوگا اور اس کی فاتح کھلاڑی کو 10 لاکھ امریکی ڈالر کی رقم دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کی ریسلنگ

سعودی عرب میں ہونے والا مذکورہ ٹورنامنٹ برٹش اینڈ اسکاٹش گالف ٹورنامنٹ کے بعد دنیا کا تیسرا بڑا مہنگا ٹورنامنٹ ہوگا، جس میں فاتح کو 10 لاکھ ڈالر کی رقم انعام میں دی جائے گی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ نومبر میں ایک نہیں بلکہ دو خواتین کے گالف ٹورنامنٹ منعقد کیے جائیں گے اور دوسرے ٹورنامنٹ کا انعقاد 17 سے 19 نومبر کو کیا جائے گا اور اس ٹورنامنٹ کی فاتح کو 5 لاکھ امریکی ڈالر انعام دیا جائے گا۔

مذکورہ دونوں گالف ٹورنامنٹ رواں برس مارچ میں ہونے تھے تاہم کورونا کی وبا کے باعث انہیں ملتوی کردیا گیا تھا اور اب انہیں نومبر کے وسط میں منعقد کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گالف سے قبل رواں برس فروری میں سعودی عرب کی خواتین کو تاش کھیلنے کی اجازت بھی دی گئی تھی اور اسی مہینے وہاں کی خواتین نے پہلی بار غیر محرم مَردوں کے ساتھ تاش کا مقابلہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: سعودی خواتین نے پہلی بار مرد حضرات کے ساتھ تاش کھیل کر تاریخ رقم کردی

اسی طرح فروری میں ہی سعودی عرب کی حکومت نے اولمپکس کھیلوں میں مرد و خواتین کھلاڑیوں کو ایک ساتھ کھیلنے کی اجازت بھی دی تھی۔

اس سے قبل گزشتہ برس نومبر میں سعودی عرب میں پہلی بار خواتین کی ریسلنگ کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں غیر ملکی ریسلر خواتین نے عمدہ کھیل پیش کیا تھا۔

سعودی عرب میں گزشتہ چند سال سے خواتین کو نہ صرف کھیل کھیلنے بلکہ غیر محرم مَردوں کے ساتھ ہر طرح کی نوکری کرنے کی اجازت بھی دی ہے جب کہ اب وہاں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت سمیت کسی مرد سرپرست کی اجازت کے بغیر بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت بھی حاصل ہے۔

Read Comments