سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کی ریسلنگ

اپ ڈیٹ 01 نومبر 2019
دونوں ریسلرز نے مقابلے کے دوران جسم کو ڈھانپے رکھا — فوٹو/ اے پی
دونوں ریسلرز نے مقابلے کے دوران جسم کو ڈھانپے رکھا — فوٹو/ اے پی

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں رواں ماہ 11 اکتوبر سے شروع ہونے والے میوزیکل و ثقافتی میلے ’ریاض سیزن‘ میں پہلی بار خواتین کی ریسلنگ ہوئی جسے دیکھنے بڑی تعداد میں شائقین میلے میں پہنچے۔

فاکس بزنس کی رپورٹ کے مطابق اس مقابلے میں 29 سالہ امریکن ریسلر لیسی ایونز اور 37 سالہ کینیڈین ریلسر نتالیا نیدھرت ایک دوسرے کے مدمقابل نظر آئیں۔

تاہم نتالیا نیدھرت نے لیسی ایونز کو ہرا کر مقابلہ اپنے نام کرالیا۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب میں پہلی بار خواتین کی ریسلنگ کرانے کا اعلان

دلچسپ بات یہ ہے کہ پہلے رپورٹس تھیں کہ یہ دونوں خاتون ریسلر انتہائی مختصر لباس میں ایک دوسرے سے فائٹ کرتی نظر آئیں گی، تاہم یہ تمام رپورٹس اس وقت بےبنیاد ثابت ہوگئیں جب یہ دونوں خواتین میزبان ملک کی ثقافت اور روایت کے مطابق لباس میں میدان میں اتریں۔

دونوں ریسلرز نے مقابلے کے دوران جسم کو ڈھانپے رکھا — فوٹو/ اے پی
دونوں ریسلرز نے مقابلے کے دوران جسم کو ڈھانپے رکھا — فوٹو/ اے پی

ریسلنگ کے دوران ان دونوں خواتین نے اپنے جسم کو پوری طرح ڈھانپے رکھا تھا۔

واضح رہے کہ ریاض میلے میں مرد ریسلر بھی ایک دوسرے کو مزا چکھاتے دکھائی دیے۔

یہ بھی پڑھیں: عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان نے ’ریاض سیزن‘ کا میلہ لوٹ لیا

مرد ریسلرز کے مقابلے میں سابق چیمپیئن ٹائسن فیوری اور برون اسٹرومین سمیت کم سے کم ایک درجن ریسلر ایک دوسرے کے مدمقابل نظر آئے۔

یاد رہے کہ 11 اکتوبر سے جاری اس میلے میں 25 اکتوبر کو پاکستانی گلوکاروں راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم نے پرفارمنس کرکے مداحوں کے دل جیتے تھے۔

دونوں ریسلنگ کی دنیا میں خاصی مقبول ہیں — فوٹو/ اسکرین شاٹ
دونوں ریسلنگ کی دنیا میں خاصی مقبول ہیں — فوٹو/ اسکرین شاٹ

سعودی حکومت نے گزشتہ چند سال میں خواتین کو نہ صرف مرد حضرات کے کھیل دیکھنے کی اجازت دی ہے بلکہ حکومت نے خواتین کو خاندان کے مرد سربراہ کی اجازت کے بغیر بھی بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت بھی دی تھی۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب: غیر ملکی نامحرم مرد و خواتین کو ایک ساتھ کمرہ لینے کی اجازت

اسی طرح سعودی حکومت نے خواتین کو کسی بھی غیر محرم مرد کے ساتھ ملازمت کرنے کی اجازت دینے سمیت خواتین کو اداکاری، ڈرائیونگ کرنے، ووٹ دینے، انہیں کوئی بھی کھیل کھیلنے سمیت کئی طرح کی آزادیاں دی ہیں۔

سعودی عرب نے سینما سے بھی 35 سال بعد پابندی ہٹاتے ہوئے وہاں پر فلموں کی نمائش کی اجازت دی ہے جب کہ گزشتہ ماہ ستمبر میں ہی سعودی عرب نے پہلی مرتبہ غیر ملکیوں کے لیے سیاحت کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

ساتھ ہی سعودی حکومت نے وہاں پر نامحرم مرد و خاتون کو ایک ساتھ ہوٹل کا کمرہ کرائے پر لینے کی اجازت کا بھی اعلان کیا تھا۔

دونوں خواتین متعدد بار فائٹ کرچکی ہیں — فوٹو/ ڈبلو ڈبلو ای
دونوں خواتین متعدد بار فائٹ کرچکی ہیں — فوٹو/ ڈبلو ڈبلو ای

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں