Dawn News Television

اپ ڈیٹ 01 اکتوبر 2020 05:26pm

فیس بک کا امریکی صدارتی انتخابات کے دوران سیاسی اشتہارات شائع نہ کرنے کا اعلان

دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک نے آئندہ ماہ اکتوبر میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات کے دوران سماجی مسائل پر مبنی، سیاسی اور انتخابات کی جیت سے متعلق دعوؤں کے اشتہارات شائع نہ کرنے کا اعلان کردیا۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ دی ورج کے مطابق فیس بک نے امریکی انتخابات کے دوران اشتہارات شائع نہ کرنے کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تنقید کے بعد کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک روز قبل پہلے صدارتی مباحثے کے دوران فیس بک پر اشتہارات کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ ویب سائٹ پر اشتہارات سے انتخابات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’فیس بک نے الیکشن میں ٹرمپ کی مدد کی،2020 میں بھی یہ ہوسکتا ہے‘

ڈونلڈ ٹرمپ کی تنقید کے بعد فیس بک انتظامیہ نے واضح طور پر اعلان کیا کہ صدارتی انتخابات سے ایک ہفتہ قبل ہی تمام طرح کے سیاسی و سماجی اشتہارات کی بکنگ بند کردی جائے گی۔

فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے اگرچہ گزشتہ ماہ ستمبر کے آغاز میں ہی اعلان کیا تھا کہ ان کی ویب سائٹ امریکی انتخابات کے دوران اشتہارات نہیں لے گی۔

مارک زکربرگ نے اپنی طویل پوسٹ میں بتایا تھا کہ ان کی ویب سائٹ 27 اکتوبر کی شب سے 3 نومبر 2020 کی شب تک کسی بھی قسم کے سیاسی، سماجی اور انتخابات پر اثر انداز ہونے والے اشتہارات نہیں لے گی۔

مارک زکربرگ نے کہا تھا کہ ان کی انتظامیہ کو انتخابات پر اثر انداز ہونے والے اشتہارات پر فکر لاحق ہے۔

مزید پڑھیں: امریکی انتخابات کے دوران فیس بک کو روسی کمپنی نے اشتہارات دیے

فیس بک پر ماضی میں امریکی انتخابات پر اثر انداز ہونے والے اشتہارات شائع کرنے کا الزام لگایا جاتا رہا ہے اور 2016 میں ہونے والے انتخابات کے دوران اس پر الزام لگا گیا تھا کہ فیس بک نے ایسے اشتہارات شائع کیے جن سے ڈونلڈ ٹرمپ کو جیتنے میں مدد ملی۔

فیس بک پر 2016 کے بعد الزامات لگائے گئے کہ اس نے لوگوں کو دھوکا دینے والے ایسے اشتہارات شائع کیے جنہیں دیکھنے والے افراد نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ دیا۔

اگرچہ ابتدائی طور پر فیس بک ایسے الزامات کی تردید کرتا رہا تاہم بعد ازاں فیس بک انتظامیہ نے تسلیم کیا تھا کہ 2016 کے امریکی انتخابات کے دوران اسے روس کے کچھ اداروں سے اشتہارات ملے تھے، جنہوں نے ممکنہ طور پر امریکی صدارتی انتخابات پر اثر ڈالا۔

ایسے الزامات کے بعد اس بار فیس بک نے امریکی صدارتی انتخابات سے ایک ہفتہ قبل ہی فیس بک اور انسٹاگرام سمیت اپنی دیگر ویب سائٹس پر ایسے اشتہارات شائع نہ کرنے کا اعلان کیا ہے جو کسی بھی طرح انتخابات پر اثر انداز ہوسکیں گے۔

Read Comments