Dawn News Television

اپ ڈیٹ 04 اکتوبر 2020 02:33pm

صوفیہ ورگرا کمائی میں اینجلینا جولی سے بھی آگے

معروف اقتصادی امریکی جریدے 'فوربز' نے سب سے زیادہ کمائی کرنے والی 10 ہولی وڈ اداکاراؤں کی فہرست جاری کردی، جس کے بعد اینجلینا جولی دوسرے نمبر پر ہیں۔

فوربز کی سالانہ فہرست کے مطابق رواں سال کورونا وائرس کے باعث متعدد اداکاراؤں کی کمائی میں نمایاں فرق پڑا ہے، سب سے زیادہ فلمی ہیروئنز کی کمائی میں کمی ہوئی، کیوں کہ اس سال سینما ہالز بند رہے۔

سب سے زیادہ کمائی کرنے والی 10 اداکاراؤں میں پہلے نمبر پر 48 سالہ کولمبین نژاد امریکی اداکارہ صوفیہ ورگرا رہیں، جن کی کمائی میں ٹی وی ڈراموں کی وجہ سے نمایاں اضافہ ہوا۔

فہرست کے مطابق سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکاراؤں میں 10 ویں نمبر پر ویولا ڈیوس رہیں، جنہوں نے ایک سال میں ایک کروڑ 55 لاکھ ڈالر کی کمائی کی۔

فہرست میں نویں نمبر پر ایلزبتھ موئس رہیں، جن کی کمائی ایک کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہی، آٹھویں نمبر پر اداکارہ ایلن پومپو رہیں، جنہوں نے ایک سال میں ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر کمائے۔

ساتویں نمبر پر معروف اداکارہ نکول کڈمین رہیں، جنہوں نے گزشتہ 12 ماہ میں 2 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کمائے۔

یہ بھی پڑھیں: سب سے زیادہ کمائی کرنے والے 2020 کے اداکار

چھٹے نمبر پر اداکارہ ایملی بلنٹ رہیں، جنہوں نے ایک سال میں 2 کروڑ 25 لاکھ ڈالر کمائے، پانچویں نمبر پر معروف اداکارہ میرل اسٹریپ رہیں، جنہوں نے مذکورہ عرصے میں 2 کروڑ 40 لاکھ ڈالر بٹورے۔

چوتھے نمبر پر اداکارہ ملیسا مکیارتھی رہیں، جنہوں نے ایک سال میں ڈھائی کروڑ ڈالر کمائے جب کہ تیسرے نمبر پر اسرائیلی اداکار گال گدوت رہیں، جنہوں نے اسی عرصے میں تین کروڑ 15 لاکھ ڈالر کی کمائی کی۔

سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکاراؤں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر لیجنڈ اداکارہ اینجلینا جولی رہیں، جنہوں نے ایک سال کے عرصے میں تین کروڑ 55 لاکھ ڈالر کمائے۔

فہرست میں پہلے نمبر پر اداکارہ صوفیہ ورگرا رہیں، جنہوں نے ایک سال میں 4 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کمائے، وہ 2017 میں بھی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکارہ رہ چکی ہیں۔

# مزید پڑھیں: 2020 میں سب سے زیادہ کمانے والی 100 شخصیات

گزشتہ سال سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکاراؤں میں اسکارلیٹ جانسن پہلے نمبر پر تھیں اور رواں سال وہ زیادہ کمانے والی 10 اداکاراؤں میں شامل بھی نہیں ہو پائیں۔

فوربز نے اداکاراؤں سے قبل رواں برس اگست میں سب سے زیادہ کمانے والے اداکاروں کی فہرست بھی جاری کی تھی، جس میں ڈیوائن جانسن سب سے زیادہ کمانے والے اداکار ٹھہرے تھے۔

Read Comments