Dawn News Television

اپ ڈیٹ 03 دسمبر 2020 12:59am

آمدن سے زائد اثاثے: رانا ثنااللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

چیئرمین نیب نے رانا ثنااللہ کے خلاف جاری وارنٹ گرفتاری پر دستخط کردیے۔

مزیدپڑھیں: منشیات کیس: رانا ثنااللہ کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم

اس ضمن میں بتایا گیا کہ رانا ثنااللہ کے خلاف 9 نومبر کو وارنٹ گرفتاری تیار کیے گئے تھے۔

خیال رہے کہ رانا ثنااللہ آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں عبوری ضمانت پر ہیں۔

تازہ پیش رفت سے متعلق بتایا گیا کہ رانا ثنااللہ کے خلاف نیب کو 3 شکایتیں موصول ہونے کے بعدکارروائی کا آغاز کیا گیا۔

رانا ثناللہ کی درخواست ضمانت 16 دسمبر کو لاہور ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛ منشیات برآمدگی کیس: رانا ثنا کی لاہور ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت دائر

خیال رہے کہ ستمبر میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نیب کے سامنے پیش ہوئے تھے جہاں انہوں نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سوالوں کے جوابات دیے تھے۔

رانا ثنااللہ نے اس ضمن میں متعلقہ ریکارڈ بھی پیش کیا تھا۔

ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے رشتہ داروں کے نام پر جائیدادیں جمع کیں جس کی مجموعی مالیت 40 کروڑ روپے بنتی ہے۔

دوسری جانب رانا ثنااللہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے پاس جعلی بینک اکاؤنٹ ہے اور نہ ہی بے نامی املاک ہیں۔

Read Comments