Dawn News Television

شائع 22 دسمبر 2020 06:04pm

حکومت کا ڈرون ریگولیٹری اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے ڈرون کے استعمال کے لیے ڈرون ریگولیٹری اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کو ڈرون پالیسی مرتب کرنے کے حوالے سے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اعلیٰ سطح کی بریفنگ دی۔

وزیر اعظم کو ڈرون ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں پرامن اور تحقیقی استعمال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

عمران خان نے کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی کی زراعت، شہری منصوبہ بندی، سیکیورٹی اور امن و عامہ کے لیے بہت افادیت ہے۔

انہوں نے اس ضمن میں قانون سازی اور ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کے لیے کمیٹی قائم کرنے کی ہدایات دیں۔

یہ بھی پڑھیں: مارگلہ پہاڑیوں پر ہریالی بڑھانے کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ

کمیٹی ایک ماہ کے اندر ڈرون ریگولیٹری اتھارٹی کے قانون کا مسودہ وزیر اعظم کو پیش کرے گی۔

بعد ازاں فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مختصر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'ایک اور کامیابی حاصل کرلی گئی ہے'۔

Read Comments