Dawn News Television

شائع 27 دسمبر 2020 05:02pm

کووڈ 19 کی نشانیاں اس ترتیب سے ظاہر ہوتی ہیں

کووڈ 19 کی نشانیاں اس ترتیب سے ظاہر ہوتی ہیں



کورونا وائرس کو جان لیوا وائرس سمجھتے ہیں یا اسے کوئی معمولی بیماری خیال کرتے ہیں، مگر ایک بات پر سب متفق ہوں گے کہ اس کے بارے میں جاننا خود اپنے لیے بہتر ہے۔

یہی وجہ ہے کہ چند ماہ پہلے کی سدرن کیلیفورنیا یونیورسٹی کے مائیکلسن سینٹرز کنورجنٹ سائنس انسٹیٹوٹ ان کینسر کی ایک تحقیق بہت اہمیت رکھتی ہے۔

اس تحقیق میں ماہرین نے کووڈ 19 کے مریضوں میں سامنے آنے والی علامات کی ترتیب بیان کی تھی۔

یعنی کونسی علامت پہلے نمودار ہوتی ہے اور اس کے بعد کون کونسی ہوسکتی ہیں۔

سدرن کیلیفورنیا یونیورسٹی کی اس تحقیق میں ان 55 ہزار سے زائد کووڈ 19 کے کیس کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا جو عالمی ادارہ صحت نے چین میں 16 سے 24 فروری کے دوران اکٹھا کیا تھا۔

محققین کا کہنا تھا کہ کووڈ 19 کے مریضوں کی علامات دیگر امراض جیسے فلو سے ملتی جلتی ہیں مگر ان میں فرق پیدا کرنے والا عنصر علامات کی ترتیب ہوتی ہے۔

سب سے پہلے

بخار ہی ممکنہ طور پر وہ پہلی علامت ہے جو کووڈ 19 کے بالغ مریضوں میں سب سے پہلے نظر آتی ہے۔

محققین کے مطابق مریض کو 100.4 یا اس سے زیادہ کا بخار ہوسکتا ہے، مگر کئی مریضوں کو کبھی بخار کا سامنا ہی نہیں ہوتا، اس لیے دیگر علامات کو بھی مدنظر رکھنا پڑتا ہے۔

پھر کھانسی اور مسلز میں تکلیف

تحقیق کے مطابق بخار کے بعد کھانسی اور مسلز میں کھچاؤ اور تکلیف کا سامنا ہوسکتا ہے، کھانسی عموماً خشک ہوتی ہے، جس میں بلغم نہیں بنتا، جس کے ساتھ جسم یا مسلز میں تکلیف کا بھی سامنا ہوتا ہے۔

اس کے بعد قے یا متلی

بخار، کھانسی اور سانس لینے میں مشکلات کووڈ 19 کی روایتی علامات ہیں، مگر اس کے ساتھ نظام ہاضمہ کے مسائل کا سامنا بھی مریضوں کو ہوتا ہے، جیسے متلی اور قے۔

عام طور پر لوگ ان علامات کو نظرانداز کردیتے ہیں اور تحقیق کے مطابق نظام تنفس کی اوپری نالی کی علامات کے ساتھ ساتھ متعدد مریضوں کے اندر کھانے کی خواہش ختم ہوجاتی ہے، قے اور متلی جیسی شکایات کا سامنا بھی ہوتا ہے۔

آخر میں ہیضہ

عام طور پر کووڈ 19 کے مریضوں میں ہیضہ کی علامت سب سے آخر میں نمودار ہوتی ہے۔

تاہم کووڈ 19 کو شکست دینے والے کچھ مریضوں کو طویل المعیاد بنیادوں پر مختلف مسائل جیسے تھکاوٹ کا سامنا ہوسکتا ہے، جس کا دورانیہ کتنا ہوسکتا ہے، اس کو جاننے کے لیے ابھی تحقیقی کام جاری ہے۔

ایک اور علامت

کووڈ 19 کی ایک اور عام علامت بھی ہے مگر انفرادی طور پر اس کا تجربہ ہر ایک کے لیے مختلف ہوسکتا ہے۔

یعنی روایتی علامات بخار، کھانسی، قے اور سانس لینے میں مشکلات سے ہٹ کر اس مرض کی ایک سب سے غیرمعمولی علامت چکھنے اور سونگھنے کی حس ختم ہوجانا ہے، جو نظام تنفس کی علامات سے پہلے بھی نمودار ہوسکتی ہے یا سب سے آخر میں بھی نظر آسکتی ہے۔

فلو کے مریضوں کو کبھی اس علامت کا سامنا نہیں ہوتا اور اس طرح یہ کووڈ 19 کی ایک منفرد نشانی ہے۔

تو اگر اوپر درج اکثر علامات کا سامنا ہو تو یہ کووڈ 19 کا اشارہ ہوسکتا ہے، جس کی تصدیق کے لیے ٹیسٹ کرالینا چاہیے یا ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیے۔

Read Comments