Dawn News Television

شائع 05 جنوری 2021 09:20pm

وفاقی کابینہ نے کورونا ویکسین کی خریداری کی منظوری دے دی

وفاقی کابینہ نے انسانی جانیں بچانے کے لیے وفاقی وزارت صحت کو کورونا ویکسین کی خریداری کی منظوری دے دی۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں مچھ، بلوچستان واقعے میں جاں بحق ہونے والے مزدورں، اسلام آباد میں پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان اسامہ ستی اور افواج پاکستان کے شہدا کے لیے دُعائے مغفرت کی گئی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کابینہ کو کورونا وبا کی حالیہ صورتحال پر بریفنگ دی۔

وفاقی کابینہ نے انسانی جانیں بچانے کے لیے وفاقی وزارت صحت کو کورونا ویکسین کی خریداری کی منظوری دے دی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا ویکسین پاکستان کب تک پہنچے گی، اس کی قیمت کیا ہوگی؟

کابینہ نے پاکستان ایکسپو سینٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین کی تعیناتی کی اور ٹریڈ آرگنائزیشنز ایکٹ 2013 کی شق نمبر 21 کے تحت اپیلوں پر فیصلہ دینے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی بھی منظوری دی۔

یہ کمیٹی صرف اُس وقت تک مجاز ہوگی جب تک متعلقہ قانون میں ترامیم مکمل نہیں ہوجاتیں۔

کابینہ نے پریس کونسل آف پاکستان کے اراکین تعینات کرنے کی منظوری دی۔

اجلاس میں ملک میں ماہی گیری کے شعبے سے برآمدات کے معیار کو بہتر کرنے کی خاطر انسپکشن کمیٹی قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

یہ کمیٹی ملک میں قائم ہونے والے فش پراسسنگ پلانٹس کی انسپکشن کے فرائض انجام دے گی جبکہ اس میں وزارت بحری امور، وزارت تجارت اور پاکستان فشریز ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندے شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: ’حکومت کا عوام کو کورونا وائرس ویکسین مفت فراہم کرنے کا فیصلہ‘

کابینہ نے ڈاکٹر رانا عبدالجبار کی بطور چیف ایگزیکٹو افسر آلٹرنیٹ انرجی ڈویلپمنٹ بورڈ استعفیٰ منظور کر لیا اور نئے سی ای او کی تعیناتی کے لیے سلیکشن کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی۔

نئی تعیناتی تک منیجنگ ڈائریکٹر پی پی آئی بی اس ادارے کی نگرانی کریں گے۔

کابینہ نے کمیٹی برائے قانونی کیسز کے 31 دسمبر 2020 کو منعقدہ اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔

Read Comments