Dawn News Television

شائع 13 جنوری 2021 07:20pm

پی ٹی سی ایل کی تمام سروسز کے لائسنس میں 25 سال کی تجدید

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے 'پی ٹی سی ایل' کے تمام سروسز کے لائسنس میں اگلے 25 سال کے لیے تجدید کردی ہے، جو یکم جنوری 2021 سے موثر ہوگا۔

پی ٹی اے سے جاری بیان کے مطابق لائسنس ٹیکنالوجی سے غیر جانبدار ہے اور پی ٹی سی ایل، ملک بھر کے 14 ٹیلی کام ریجنز میں موبائل سروس کے علاوہ تجدیدی لائسنس کے تحت تمام جدید مواصلاتی سروسز فراہم کر سکے گی۔

سروسز کے معیار (کیو او ایس) کو بڑھانے کے لیے لائسنس میں شرائط بھی شامل ہیں جن ہیں نیکسٹ جنریشن ایکسس نیٹ ورک (این جی اے این) کنیکشنز میں سالانہ 5 فیصد اضافہ اور سروسز کے معیار کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا بھی شامل ہے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی سی ایل تنازع: اتصالات نے ادائیگی کا فریم ورک حکومت کو دے دیا

صارفین کی حفاظت، ہیلپ لائن سروسز، کمرشل معاہدے کی تعمیل اور دیگر شرائط کو بھی لائسنس کا حصہ بنایا گیا ہے۔

لائسنس فیس، لائسنس پیڈ اَپ فرنٹ کے سالانہ مجموعی ریونیو کے 0.66 فیصد پر مشتمل ہوگی، 0.5 فیصد سالانہ لائسنس فیس کی مد میں جبکہ 2 فیصد یو ایس ایف اور آر اینڈ ڈی فنڈ کے لیے دیے جائیں گے۔

پہلے سے مختص کیے گئے ڈبلیو ایل ایل اسپیکٹرم کے لیے پی ٹی سی ایل، ہر سال اس وقت امریکی ڈالر کے ریٹ کے حساب سے قیمت کی ادائیگی کا پابند ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی سی ایل گروپ کے سی ای او کورونا وائرس سے انتقال کرگئے

پی ٹی سی ایل مختص کی گئی ریڈیو فریکوئنسی اسپیکٹرم 2024 تک استعمال کر سکے گا۔

لائسنس کے تحت صارفین کے ڈیٹا کی حفاظت اور نیٹ ورک سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ لائسنس کی شرائط کے مطابق پی ٹی اے وقتاً فوقتاً سروس کے معیار کی نگرانی کرے گی۔

Read Comments