Dawn News Television

اپ ڈیٹ 02 فروری 2021 07:21pm

اسلام آباد یونائیٹڈ کو بڑا دھچکا، منرو پی ایس ایل 6 سے باہر

پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یوبائیٹڈ کو بڑا دھچکا لگا ہے اور وہ لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں نیوزی لینڈ کے جارح مزاج بلے باز کولن منرو کی خدمات سے محروم ہو گئی ہے۔

کولن منرو کو آسٹریلیا میں جاری مقابلے کے بعد پاکستان آنے کے حوالے سے قرنطینہ کے مسائل کی وجہ سے دشواریوں کا سامنا تھا جس کی وجہ سے وہ لیگ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 6: اسٹیڈیم میں 40 فیصد شائقین کو لانے کا منصوبہ تیار

بگ بیش لیگ میں پرتھ اسکارچرز کی نمائندگی کرنے والے منرو کو آسٹریلیا سے سیدھا پاکستان آنا تھا لیکن نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے طے کردہ قرنطینہ کے نظام کے سبب پاکستان سپر لیگ کے بعد وطن واپسی پر مئی کے وسط تک ہی وہ وطن واپس لوٹ سکیں گے۔

کولن منرو نے اپنے بیان میں کہا کہ میں ایونٹ کا حصہ نہ بننے پر بہت مایوس ہوں کیونکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مجھ سے بہت اچھا رویہ رکھا، انہوں نے مجھے اسکواڈ میں برقرار رکھا کیونکہ انہیں لگتا تھا کہ میں براہ راست بگ بیش کے بعد ٹیم کا حصہ بن جاؤں گا لیکن قرنطینہ کی پابندی کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہو سکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ 22 مارچ کو ختم ہو رہی ہے جس کے بعد میں مئی کے وسط تک ملک واپس جا سکوں گا اور اس کے بعد مجھے مزید دو ہفتے قرنطینہ میں گزارنا ہوں گے جو بہت مشکل ہے لہٰذا میں چاہتا ہوں کہ کچھ وقت اہلخانہ کے ساتھ گزاروں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس مذاق نہیں، احتیاط کے باوجود مجھے ہوگیا تھا، ثانیہ مرزا

گزشتہ سال پاکستان سپر لیگ میں منرو نے 35.42 کی اوسط اور 147.61 کے اسٹرائیک ریٹ سے 248 رنز بنائے تھے اور ان کی شمولیت اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے بہت اہمیت کی حامل تھی کیونکہ اس وقت منرو بہت اچھی فارم میں ہیں اور اب تک پرتھ اسکورچرز کے لیے سیزن میں 441 رنز بنا چکے ہیں۔

پاکستان سپرل لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے کراچی میں ہو گا۔

Read Comments