Dawn News Television

شائع 20 فروری 2021 05:19pm

پاکستان سپر لیگ 2021 کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی ہے۔

لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے آغاز سے چند گھنٹے قبل ہی پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹرافی کی رونمائی کرتے ہوئے اس کی تصاویر جاری کردی ہیں۔

پاکستان سپر لیگ 2021 کی ٹرافی کی تصاویر پی سی بی اور لیگ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کردی گئی ہیں البتہ گزشتہ سال کے برعکس اس سال رونمائی کی تقریب منعقد نہیں کی گئی۔

اگر ٹرافی کا بغور جائزہ لیا جائے تو یہ ٹرافی لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی ٹرافی سے خاصی مماثلت رکھتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی برطانیہ کی کمپنی اوٹ ول سلور اسمٹس نے تیار کی تھی جس کے اوپر ایک چاند اور تکون ستارہ پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہے اور یہ ٹرافی بھی اس سے کافی ملتی جلتی ہے۔

ٹرافی پر تمام چھ ٹیموں کے کٹ کے رنگ بھی نمایاں ہیں اور ان کے کٹ کے رنگ کی لائنیں بھی ٹرافی پر ڈالی گئی ہیں۔

عوام نے ٹرافی کو پسندیدگی کی سند سے نوازتے ہوئے اپنی من پسند ٹیم کے ٹرافی جیتنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا افتتاحی میچ آج دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

کورونا وائرس کے سبب لیگ کے 34 میچز کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

ابتدائی 20 میچز کی میزبانی کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم کرے گا جبکہ پلے آف اور فائنل سمیت بقیہ 14 مچیز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منععقد ہوں گے۔

Read Comments