Dawn News Television

اپ ڈیٹ 03 مارچ 2021 12:58pm

یوسف رضا گیلانی کا جیت کا دعویٰ، فیصل واڈا اپوزیشن امیدوار کی ہار کیلئے پُرامید

ملک بھر میں ایوان بالا کی 37 نشستوں پر انتخاب کا عمل جاری ہے اور اس سلسلے میں قومی و صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ ہورہی ہے جبکہ اسی دوران ووٹوں کی گنتی سے قبل ہی جیت کے دعویٰ سامنے آرہے ہیں۔

ایوان بالا کی انہیں نشستوں میں سے اسلام آباد کی نشست پر اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی ہیں جن کا حکومتی امیدوار عبدالحفیظ شیخ سے مقابلہ ہے اور دونوں امیدوار اپنی فتح کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ایوان بالا کی 37 نشستوں کیلئے پولنگ جاری

تاہم سابق وزیراعظم اور پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے سیننٹ انتخابات میں پولنگ مکمل ہونے سے قبل ہی دعویٰ کیا ہے کہ ’ہم جیت چکے ہیں‘ کیونکہ جس مقصد کے لیے ہم آئے تھے وہ تو ہم پورا کرچکے ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر صحافیوں سے غیررسمی گفتگو میں انہوں نے گزشتہ روز سامنے آنے والی علی حیدر گیلانی کی مبینہ ویڈیو پر کہا کہ یہ ویڈیو پلانٹڈ ہے، اگر ایسا ہوتا تو باقی ایم این ایز بھی نظر آتے۔

اس موقع پر انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حفیظ شیخ کو ووٹ نہیں دینا، ساتھ ہی انہوں نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات پر کہا کہ یہ یہی (حکومتی) لوگ ہیں۔

110 فیصد امید ہے یوسف رضا گیلانی کامیاب ہوں گے، شاہد خاقان

وہیں پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر اپوزیشن رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہمیں 110 فیصد امید ہے کہ یوسف رضا گیلانی کامیاب ہوجائیں گے۔

گزشتہ روز آنے والی مبینہ ویڈیو پر انہوں نے کہا کہ ووٹ خراب کرنے کا نہیں دینے کا طریقہ کار ہوتا ہے، ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ شہباز شریف یہاں آرہے ہیں اور وہ سب سے ملیں گے۔

یوسف رضا گیلانی ہاریں گے، فیصل واڈا

وہیں الیکشن کے موقع پر پی ٹی آئی کے سندھ سے سینیٹ کے اُمیدوار فیصل واڈا نے دعویٰ کیا کہ یوسف رضا گیلانی اسلام آباد کی سینیٹ کی نشست سے انتخاب ہاریں گے۔

انہوں نے میڈیا سے مختصر غیررسمی گفتگو میں کہا کہ یوسف رضا گیلانی ہاریں گے اور اس کے بعد انہیں ایڈجسٹ کرانے اور شرمندگی مٹانے کے لیے پیپلزپارٹی ایک منتخب سینیٹر کو ہٹائے گی اور انہیں جگہ دے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ انتخابات: زیرحراست قانون ساز ووٹ ڈالنے کیلئے اسلام آباد میں موجود

واضح رہے کہ ایوان بالا کی 37 نشستوں پر آج انتخابات کے لیے سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد سے مجموعی طور پر 78 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ پنجاب سے تمام امیدوار گزشتہ ماہ دیگر امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لینے یا نااہل ہونے کے بعد بلامقابلہ منتخب ہوچکے تھے۔

اسلام آباد سے 2، سندھ سے 11 جبکہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے 12، 12 سینیٹرز کی نشستوں پر مقابلہ ہورہا ہے۔

Read Comments