Dawn News Television

شائع 17 مارچ 2021 06:27pm

عامر خان نے سوشل میڈیا چھوڑنے کا سبب بتادیا

بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے اپنی 56 ویں سالگرہ کے ایک دن بعد 15 مارچ کو سوشل میڈیا کو خیرباد کہنے کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔

موجودہ دور کو سوشل میڈیا کا دور کہا جاتا ہے اور دنیا کے تمام کے شوبز اسٹار سوشل میڈیا کو شہرت میں اضافے کے آلے کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

تاہم ایسی شخصیات کے برعکس عامر خان نے سوشل میڈیا کو خیرباد کرنے کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا۔

عامر خان نے اپنی ٹوئٹ و انسٹاگرام پوسٹ میں 15 مارچ کو بتایا تھا کہ اب وہ سوشل میڈیا پر کوئی بھی ذاتی اکاؤنٹ استعمال نہیں کریں گے اور وہ مداحوں سے ماضی کی طرح رابطے میں رہیں گے۔

عامر خان نے بتایا تھا کہ وہ میڈیا کے ذریعے یا پھر اپنے پروڈکشن ہاؤس کے ٹوئٹر ہینڈل کے ذریعے مداحوں سے معلومات کا تبادلہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عامر خان نے سوشل میڈیا کو خبریاد کہہ دیا

عامر خان کی جانب سے سوشل میڈیا کو چھوڑنے کے اعلان کرنے کے دو دن بعد مسٹر پرفیکشنسٹ سے صحافیوں نے پوچھا کہ آخر انہوں نے مذکورہ فیصلہ کس وجہ سے اور کیوں کیا؟

انڈین ایکسپریس کے مطابق عامر خان سے ممبئی میں فوٹوگرافرز و صحافیوں نے سوشل میڈیا چھوڑنے کا سبب پوچھا تو انہوں نے مخصر جواب میں بتایا کہ ان کی اپنی ہی الگ دنیا ہے۔

عامر خان نے وضاحت کی کہ جو سبب عام لوگ سمجھ رہے ہیں، اس سبب کے باعث انہوں نے سوشل میڈیا کو خیرباد نہیں کہا بلکہ انہوں نے اس لیے سوشل میڈیا کو چھوڑا کیوں کہ ان کی اپنی ہی دنیا ہے۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ وہ ویسے بھی سوشل میڈیا پر غیر متحرک رہتے تھے، اس لیے انہوں نے سوچا کہ اسے استعمال نہ ہی کیا جائے تو اچھا ہے۔

عامر خان نے بتایا کہ اب وہ مداحوں سے میڈیا کے ذریعے ہی رابطے مین رہیں گے اور یہ میڈیا کے لیے بھی اچھی بات ہے اور انہیں میڈیا پر پورا یقین بھی ہے۔

Read Comments