Dawn News Television

اپ ڈیٹ 08 اپريل 2021 01:38am

جنوبی افریقہ کیخلاف فتح، ورلڈ کپ سپر لیگ میں پاکستان کی دوسری پوزیشن

پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں فتح کی بدولت سیریز اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ میں بھی دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔

آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ میں پاکستان کی ٹیم اب تک 6 میچز کھیل چکی ہے اور چھ میں سے چار میچوں میں فتح کی بدولت دوسرے نمبر پر ہے۔

مزید پڑھیں: جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے میں شکست، سیریز پاکستان کے نام

انگلینڈ کی ٹیم اس ٹیبل میں سرفہرست ہے جس نے 9 میں سے چار میچوں میں کامایبی سمیٹی ہے لیکن بہتر رن ریٹ کی وجہ سے وہ پہلے نمبر پر ہے۔

اس پوائنٹس ٹیبل پر انگلینڈ، پاکستان اور آسٹریلیا 40 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم تین میچوں میں تین فتوحات کی بدولت 30 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے جبکہ افغانستان، بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز بھی 30 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پانچویں، چھٹے اور ساتویں نمبر پر براججمان ہیں۔

بھارت کی ٹیم کی بھی تین فتوحات ہیں لیکن اس کے 29 پوائنٹس ہیں جس کی وجہ سے وہ آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شاداب کی جگہ زاہد محمود دورہ زمبابوے کیلئے اسکواڈ میں شامل

زمبابوے اور آئرلینڈ کی ٹیمیں ایک،ایک فتح کے ساتھ نویں اور 10 ویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ جنوبی افریقہ 9 پوائنٹس کے ساتھ 11ویں نمبر پر ہے۔

سری لنکا کو سپر لیگ کے تینوں میچوں میں اب تک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کی وجہ وہ اب تک کھاتا نہیں کھول سکے جبکہ نیدرلینڈز نے ایک بھی میچ نہیں کھیلا۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ سپر لیگ میں سرفہرست 7 ٹیمیں 2023 ورلڈ کپ میں براہ راست شرکت کی اہل ہوں گی جبکہ بھارت کی ٹیم میزبان ہونے کی وجہ سے پہلے ہی ایونٹ کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔

آئی سی سی نے ون ڈے کرکٹ میں دوطرفہ سیریز کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے سپر لیگ متعارف کرائی ہے اور وہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کی اہلیت کے طور پر کام کرے گی۔

Read Comments