Dawn News Television

اپ ڈیٹ 10 اپريل 2021 07:38pm

کورونا لاک ڈاؤن: قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا دورہ بنگلہ دیش ملتوی

کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث بنگلہ دیش میں لاک ڈاؤن کی مدت میں اضافہ کردیا گیا جس کے باعث پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا دورہ بنگلہ دیش ملتوی ہوگیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے جاری بیان کے مطابق ابتدائی طور پر قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ایک چار روزہ اور 5 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کے لیے 11 اپریل کو ڈھاکہ روانہ ہونا تھا تاہم بنگلہ دیش میں لاک ڈاؤن کے باعث روانگی میں چھ روز کی تاخیر کی گئی۔

بعد ازاں بنگلہ دیش کی حکومت نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کو بڑھانے کا فیصلہ کیا، جس کے باعث دورے کو غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں کرکٹ بورڈز اب کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری آنے پر باہمی مشاورت سے دورے کی نئی تاریخوں کا اعلان کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: قاسم اکرم قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر

دورے کی تیاریوں کی غرض سے لاہور میں جاری قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ بھی فوری طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل پی سی بی نے دورہ بنگلہ دیش کے لیے آل راؤنڈر قاسم اکرم کو قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی قیادت سونپی تھی۔

آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ دورہ بنگلہ دیش، قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے لیے ایک مفید تجربہ ثابت ہوگا۔

Read Comments