Dawn News Television

اپ ڈیٹ 12 اپريل 2021 11:46pm

بیساکھی میلے میں شرکت کیلئے 1100 سے زائد سکھ یاتریوں کو ویزے جاری

نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے پیر سے شروع ہونے والے 10 روزہ بیساکھی میلے کے لیے 1100 سے زائد سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کر دیے۔

بیساکھی، سکھوں اور ہندوؤں کے لیے موسم بہار کی فصل کا تہوار ہے جس سے سکھوں کے نئے سال کا آغاز ہوتا ہے اور 1699 میں گورو گوبِند سنگھ کے ماتحت جنگجوؤں کی خالصہ پَنتھ کے قیام میں منایا جاتا ہے۔

اقلیتی برادریوں کے عبادتی مقامات کی دیکھ بھال کرنے والے متروکہ وقف املاک بورڈ (ای ٹی پی بی) کو کورونا وائرس کی موجودہ تیسری لہر کے باعث رواں سال تقریباً ایک ہزار سکھ یاتریوں کی آمد کی توقع ہے۔

بورڈ کے ترجمان نے ڈان کو بتایا کہ ‘نئی دہلی میں ہمارے ہائی کمیشن نے سالانہ بیساکھی میلے میں شرکت کے لیے ایک ہزار 100 سے زائد سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کیے ہیں، وہ 12 اپریل (آج) کو واہگہ بارڈر کے ذریعے پیدل ملک میں داخل ہوں گے’۔

یہ بھی پڑھیں: خالصہ جنم دن،بیساکھی میلہ: 2 ہزار 200 بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری

انہوں نے کہا کہ ‘عام طور پر بھارتی حکومت تمام یاتریوں (جنہیں پاکستان ویزے جاری کرتا ہے) کو بیساکھی سمیت متعدد ایونٹس میں شرکت کی اجازت نہیں دیتا، اس لیے ہمیں نہیں لگتا کہ تمام ایک ہزار 100 یاتری میلے میں شرکت کے لیے پہنچیں گے’۔

یاتری پیر کی صبھ 10 بجے واہگہ بارڈر پہنچیں گے، امیگریشن، کسٹمز اور سیکیورٹی حکام کی جانب سے کلیئرنس کے بعد ای ٹی پی بی، پاکستان گوردوارا پربندھک کمیٹی کے حکام اور متعلقہ افراد ان کا استقبال کریں گے۔


یہ خبر 12 اپریل، 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

Read Comments