Dawn News Television

شائع 04 مئ 2021 07:43pm

ٹوئٹر آڈیو چیٹ روم کا فیچر اب زیادہ صارفین کو دستیاب

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے اپنے آڈیو چیٹ روم کے فیچر کو عام صارفین کے لیے پیش کردیا ہے۔

تاہم ٹوئٹر اسپیسز کو وہی صارف استعمال کرسکیں گے جن کے فالوورز کی تعداد 600 یا اس سے زیادہ ہوگی۔

کلب ہاؤس سوشل میڈیا ایپ سے ملتے جلتے اس فیچر میں ٹوئٹر صارفین آڈیو چیٹ رومز تشکیل دے سکیں گے۔

اس فیچر کی آزمائش 2020 میں شروع ہوئی تھی۔

ٹوئٹر اسیسز میں صارف یا تو اپنا آڈیو روم تشکیل دے سکتا ہے یا دیگر افراد کے بنائے ہوئے رومز میں شمولیت اختیار کرسکتا ہے۔

روم کو تشکیل دینے والے کے پاس اس میں شمولیت اختیار کرنے والے افراد کو میوٹ یا باہر نکالنے کا اختیار حاصل ہوگا۔

ورچوئل رومز کے اسپیکرز اسپیس کے اندر ٹوئٹس کو پن بھی کرسکیں گے جبکہ کیپشنز ٹرن آن کرسکیں گے۔

کمپنی کے مطاب تمام صارفین تک اس فیچر کی رسائی میں وقت لگے گا تاہم 600 فالوورز والے افراد اس کو استعمال کرسکتے ہیں۔

اسپیسز کی توسیع کے ساتھ ٹوئٹر کی جانب سے ٹکٹڈ اسپیسز فیچر پر بھی کام کیا جارہا ہے جس کے تحت صارفین زیادہ خاص ایونٹس کی میزبانی کرسکیں گے۔

کمپنی کے مطابق ان ایونٹس کے میزبانوں کے پاس اختیار ہوگا کہ ایک ٹکٹ کی مالیت کیا ہو اور کتنے ٹکٹ دستیاب ہوں گے۔

اس آمدنی کا زیادہ تر حصہ صارف کے پاس ہی جائے گا اور کچھ حصہ ٹوئٹر کے پاس جائے گا۔

Read Comments