Dawn News Television

اپ ڈیٹ 09 مئ 2021 03:32pm

واٹس ایپ نے ماؤں کے عالمی دن پر خصوصی اسٹیکرز جاری کردیے

پاکستان سمیت دنیا کے اکثر ممالک میں آج یعنی مئی کے دوسرے اتوار کو ماؤں کا عالمی دن (مدرز ڈے) منایا جارہا ہے۔

اس موقع پر جہاں ہر کوئی اپنے انداز میں ماں سے محبت کا اظہار کررہا ہے تو میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے بھی مدرز ڈے کی مناسبت سے خصوصی 'ماما لو' اسٹیکرز جاری کیے ہیں تاکہ صارفین ماؤں کے عالمی دن پر اپنے جذبات کی ترجمانی کے لیے ان کا استعمال کرسکیں۔

واٹس ایپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ٹوئٹ میں کہا کہ اس ویکینڈ اور ہر ویکینڈ ہم ماؤں کے ساتھ گزارتے ہیں، ان تمام لمحات کو یاد کرتے ہوئے جن کے ہم مشکور ہیں۔

ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ 'تمام ماؤں کو عالمی دن مبارک'۔

واٹس ایپ کی جانب سے ٹوئٹ میں اسٹیکرز کی 30 سیکنڈز پر مشتمل ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں 11 مختلف اسٹیکرز دکھائے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے اب خصوصی مواقع پر خصوصی اسٹیکرز جاری کیے جارہے ہیں۔

اس سے قبل واٹس ایپ نے اپریل کے اواخر میں ارتھ ڈے کے موقع پر اسٹیکر پیک جاری کیا تھا اور اس کے ذریعے صارفین کو بتایا تھا کہ وہ اپنے سیارے کا تحفظ کس طرح کرسکتے ہیں۔

واٹس ایپ نے اسٹیکر پیک کی مختصر ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ارتھ ڈے کے موقع پر ہم نے ایک اسٹیکر پیک جاری کیا ہے جو ہمارے سیارے کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کو اجاگر کرتا ہے۔

Read Comments