Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 مئ 2021 06:33pm

برطانوی وزیراعظم اگلے سال تیسری شادی کریں گے، رپورٹ

اپریل 2020 میں شادی سے قبل ہی پانچویں بچے کے والد بننے والے برطانوی وزیراعظم 55 سالہ بورس جانسن آئندہ سال کے وسط تک تیسری شادی کرلیں گے۔

برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ نے اپنی رپورٹ میں ایک اور برطانوی اخبار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم ہاؤس کے قریبی ذرائع کے مطابق بورس جانسن خود سے 24 سال کم عمر گرل فرینڈ 33 سالہ کیری سائمنڈز سے جولائی 2022 میں شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

جوڑے کے ہاں اپریل 2020 میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی اور دونوں کے درمیان 2018 سے تعلقات تھے۔

اپنے ہاں بچے کی پیدائش سے قبل اگرچہ دونوں نے منگنی بھی کی تھی تاہم اب بچے کی پیدائش کے دو سال بعد آئندہ سال تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے ہاں بیٹے کی پیدائش

بورس جانسن گزشتہ ڈھائی سو سال میں وہ پہلے برطانوی وزیر اعظم بن جائیں گے، جو وزارت عظمیٰ پر براجمان ہوتے ہوئے شادی کے بندھن میں بندھیں گے۔

اس وقت بورس جانسن برطانوی تاریخ کے وہ پہلے وزیر اعظم بھی ہیں، جو شادی کیے بغیر ہی وزیر اعظم ہاؤس میں گرل فرینڈ کے ساتھ رہ رہے ہیں اور ان کے ہاں بچہ بھی ہوا۔

بورس جانسن سے قبل 2010 میں ڈیوڈ کیمرون وہ پہلے وزیر اعظم بنے تھے، جن کے ہاں وزارت عظمیٰ کے دوران بچے کی پیدائش ہوئی تھی تاہم وہ شادی شدہ تھے۔

بورس جانسن کے کیری سائمنڈز سے ہونے والے بچے کے علاوہ بھی 4 بچے ہیں اور انہوں نے پہلے دو شادیاں بھی کر رکھی تھیں، جو دونوں طلاق پر ختم ہوئی تھیں۔

مزید پڑھیں: شادی سے قبل برطانوی وزیر اعظم کی گرل فرینڈ کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع

انہوں نے پہلی شادی اٹالین نژاد برطانوی خاتون الجرا موسٹن سے 1987 میں کی لیکن دونوں کی شادی محض 6 سال کے اندر 1993 میں طلاق پر ختم ہوئی۔

پہلی شادی ناکام ہونے کے چند ہی ہفتے بعد انہوں نے پاک و ہند نژاد برطانوی نسل کی خاتون مرینا ویلر سے 1993 میں شادی کی اور جوڑے کے ہاں شادی کے ابتدائی 6 ماہ میں ہی پہلے بچے کی پیدائش ہوئی۔

رپورٹس ہیں کہ مرینا ویلر اور بورس جانسن کے درمیان شادی سے قبل ہی تعلقات ہوگئے تھے۔

مرینا ویلر اور بورس جانسن کی شادی 25 سال تک قائم رہی اور دونوں کے ہاں 4 بچے پیدا ہوئے، تاہم 2018 میں دونوں نے علیحدگی اختیار کرلی تھی اور ان دونوں کی طلاق کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ اگلے سال تک بورس جانسن کی دوسری طلاق بھی مکمل ہوجائے گی، جس کے بعد وہ جولائی 2022 میں تیسری بار شادی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا بورس جانسن گرل فرینڈ کو وزیراعظم ہاؤس میں ساتھ رکھیں گے؟

یہ واضح نہیں کہ بورس جانسن وزیر اعظم ہاؤس میں شادی کریں گے یا کسی نجی جگہ پر تقریب منعقد کریں گے لیکن امکان ہے کہ وہ سرکاری رہائش گاہ پر ہی سادہ تقریب میں شادی کریں گے۔

یہ چہ مگوئیاں بھی ہیں کہ ممکنہ طور پر بورس جانسن یورپی ملک اٹلی کے پرتعیش مقام پر شادی کریں گے لیکن اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

Read Comments