شادی سے قبل برطانوی وزیر اعظم کی گرل فرینڈ کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع

اپ ڈیٹ 02 مارچ 2020
دونوں کے ہاں موسم گرما کے اختتام تک بچے کی پیدائش متوقع ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
دونوں کے ہاں موسم گرما کے اختتام تک بچے کی پیدائش متوقع ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

پچھلے سال محض 6 ماہ کے دوران دوسرے انتخابات میں دوسری بار منتخب ہونے والے 55 سالہ بورس جانسن جلد ہی برطانیہ کے وہ پہلے وزیر اعظم بن جائیں گے جن کے ہاں شادی سے قبل ہی بچے کی پیدائش ہوگی۔

بورس جانسن کے مشیر نے تصدیق کی ہے کہ وزیر اعظم کی 32 سالہ گرل فرینڈ کیری سائمنڈ حمل سے ہیں اور جوڑے کے ہاں رواں برس موسم گرما کے اختتام سے قبل بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

دلچسپ بات یہ کہ بورس جانسن اور ان کی خود سے 23 سال کم عمر گرل فرینڈ نے تاحال شادی نہیں کی ہے اور وہ رواں برس موسم بہار کے اختتام سے قبل منگنی کریں گے لیکن یہ طے نہیں ہے کہ وہ شادی بھی کریں گے یا نہیں۔

بورس جانسن اور کیری سائمنڈ کے درمیان 2018 میں تعلقات استوار ہوئے تھے اور اس کے بعد دونوں کو متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا۔

گزشتہ برس جولائی میں جب بورس جانسن پہلی بار وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے تو کیری سائمنڈ کو ان کی پہلی تقریر کی تقریب میں بھی دیکھا گیا تھا اور خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ اپنی گرل فرینڈ کو سرکاری رہائش گاہ میں ساتھ رکھیں گے۔

کیری سائمنڈ کے 2018 سے بورس جانسن سے تعلقات ہیں—فوٹو: اے ایف پی
کیری سائمنڈ کے 2018 سے بورس جانسن سے تعلقات ہیں—فوٹو: اے ایف پی

بعد ازاں کیری سائمنڈ کو 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ یعنی وزیر اعظم کی سرکاری رہائش گاہ میں وزیر اعظم کی پارٹنر کے طور پر رہائش دی گئی تھی اور وہ شادی کے بغیر سرکاری رہائش گاہ میں رہنے والی پہلی برطانوی خاتون بنی تھیں۔

بورس جانسن وہ پہلے وزیر اعظم بنے تھے جنہوں نے شادی کیے بغیر ایک عورت کو اہلیہ کی طرح اپنے ساتھ سرکاری رہائش گاہ میں رکھا تھا۔

اور اب وہ پہلے برطانوی وزیر اعظم بن جائیں گے جنہیں وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہتے ہوئے شادی کیے بغیر گرل فرینڈ سے بچہ ہوگا۔

برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ کے مطابق بورس جانسن اور کیری سائمنڈ نے تصدیق کی کہ ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے اور وہ بچے کی پیدائش سے قبل ہی منگنی کرلیں گے۔

دونوں کے ترجمان نے بھی بتایا کہ دونوں موسم بہار کے اختتام سے قبل ہی منگنی کرلیں گے اور دونوں کے ہاں موسم گرما کے اختتام تک پہلے بچے کی پیدائش ہوگی۔

جہاں بورس جانسن شادی سے قبل ہی بچہ پیدا کرنے والے پہلے وزیر اعظم بن جائیں گے، وہیں وہ 2010 کے بعد وہ پہلے وزیر اعظم بھی بنیں گے جو عہدے پر براجمان ہوتے ہوئے والد بنیں گے۔

ان سے قبل 2010 میں برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کے ہاں 2010 میں بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔

بورس جانسن نے شادی کیے بغیر ہی کیری سائمنڈ کو وزیر اعظم ہاؤس میں رہائش دے رکھی ہے—فوٹو: اے ایف پی
بورس جانسن نے شادی کیے بغیر ہی کیری سائمنڈ کو وزیر اعظم ہاؤس میں رہائش دے رکھی ہے—فوٹو: اے ایف پی

اسی طرح اگر بورس جانسن نے گرل فرینڈ کیری سائمنڈ سے منگنی کے ساتھ شادی بھی کرلی تو وہ 250 سال میں پہلے برطانوی وزیر اعظم بن جائیں گے جو وزارت عظمیٰ کے دوران شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

اس سے زیادہ حیرانگی کی بات یہ ہے کہ بورس جانسن وہ پہلے وزیر اعظم بھی ہیں جنہیں کم از کم شادی کے بغیر 2 خواتین سے بچے بھی ہیں اور مجموعی طور پر تقریبا ان کے پانچ بچے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بورس جانسن دوسری مرتبہ برطانیہ کے وزیر اعظم منتخب

انہوں نے 2 شادیاں کی تھیں اور انہیں دوسری بیوی سے 4 بچے ہیں لیکن برطانوی میڈیا کے مطابق انہیں ایک اور خاتون سے بھی پانچواں بچہ ہے، تاہم خود بورس جانسن نے کبھی بھی اپنے بچوں کی تعداد اور ان کی ماؤں کے حوالے سے بات نہیں کی۔

کیری سائمنڈ وزیر اعظم سے 23 سال کم عمر ہیں—فوٹو: اے ایف پی
کیری سائمنڈ وزیر اعظم سے 23 سال کم عمر ہیں—فوٹو: اے ایف پی

کچھ عرصہ قبل بی بی سی نے ایک انٹرویو کے دوران بورس جانسن سے ان کے بچوں کے حوالے سے سوال کیا تھا تاہم انہوں نے بچوں کی تعداد بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا تھا چوں کہ ان کے بچے سیاست میں حصہ نہیں لے رہے اس لیے ان پر بات کرنا غیر اہم ہے۔

بورس جانسن کی نجی زندگی بھی متنازع اور افیئرز سے بھری رہی ہے، انہوں نے پہلی شادی اٹالین نژاد برطانوی خاتون الجرا موسٹن سے 1987 میں کی، تاہم دونوں کی شادی محض 6 سال کے اندر 1993 میں طلاق پر ختم ہوئی۔

مزید پڑھیں: کیا بورس جانسن گرل فرینڈ کو وزیراعظم ہاؤس میں ساتھ رکھیں گے؟

پہلی شادی ناکام ہونے کے چند ہی ہفتے بعد انہوں نے پاک و ہند نژاد برطانوی نسل کی خاتون مرینا ویلر سے 1993 میں شادی کی اور جوڑے کے ہاں شادی کے ابتدائی 6 ماہ میں ہی پہلے بچے کی پیدائش ہوئی۔

رپورٹس ہیں کہ مرینا ویلر اور بورس جانسن کے درمیان شادی سے قبل ہی تعلقات ہوگئے تھے۔

بورس جانسن نے پہلی شادی 1987 میں کی تھی—فوٹو: دی سن
بورس جانسن نے پہلی شادی 1987 میں کی تھی—فوٹو: دی سن

مرینا ویلر کے والد انگریز اور ان کی والدہ سکھ ہیں، جو تقسیم ہند سے قبل صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں پیدا ہوئیں اور شادی کے بعد برطانیہ منتقل ہوگئیں۔

مرینا ویلر اور بورس جانسن کی شادی 25 سال تک قائم رہی اور دونوں کے ہاں 4 بچے پیدا ہوئے، تاہم 2018 میں دونوں نے علیحدگی اختیار کرلی تھی اور ان دونوں کی طلاق کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے جہاں عدالت نے دونوں کے درمیان مالی معاملات کا کیس نمٹاتے ہوئے مرینا ویلر کو طلاق کے لیے دوسری درخواست دائر کرنے کا اختیار دے دیا ہے۔

دونوں کے درمیان کسی وقت بھی طلاق ہو سکتی ہے اور اگر ان کی طلاق ہوگئی تو بورس جانسن 1769 کے بعد وہ پہلے برطانوی وزیر اعظم بن جائیں گے جو وزارت عظمیٰ پر رہتے ہوئے اہلیہ کو طلاق دیں گے۔

بورس جانسن کی دوسری اہلیہ کی والدہ پاکستان میں پیدا ہوئی تھیں—فوٹو: ریکس
بورس جانسن کی دوسری اہلیہ کی والدہ پاکستان میں پیدا ہوئی تھیں—فوٹو: ریکس

یعنی بورس جانسن ایک طرح سے انتہائی کم وقت میں مختلف ریکارڈ بنانے والے پہلے برطانوی وزیر اعظم بن جائیں گے، جہاں وہ پہلی بار جولائی 2019 میں وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے، وہیں وہ 6 ماہ بعد دوبارہ انتخابات ہونے پر دسمبر 2019 میں دوسری بار وزیر اعظم بنے تھے۔

وہیں وہ پہلے وزیر اعظم بھی ہیں جنہوں نے شادی کے بغیر ہی گرل فرینڈ کو اپنے ساتھ سرکاری رہائش گاہ میں رکھا ہوا ہے۔

اسی طرح وہ پہلے وزیر اعظم بھی بنیں گے جن کے ہاں شادی سے قبل ہی ممکنہ طور پر بچے کی پیدائش ہوگی اور عین ممکن ہے کہ وہ بچے کی پیدائش کے بعد گرل فرینڈ سے شادی بھی کرلیں اور اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو 250 سال بعد وہ پہلے وزیر اعظم بھی ہوں گے جو وزازت عظیٰ پر رہتے ہوئے شادی کریں گے۔

یوں وہ اپنی دوسری اہلیہ کو بھی وزات عظمیٰ پر رہتے ہوئے قانونی طور پر طلاق دیں گے تو وہ تقریبا 250 سال بعد وہ پہلے برطانوی وزیر اعظم ہوں گے جو عہدے پر رہتے ہوئے اہلیہ کو طلاق دیں گے۔

کیری سائمنڈ کے بھی بورس جانسن سے قبل ایک یونیورسٹی کلاس فیلو سے تعلقات رہے ہیں—فوٹو: دی سن
کیری سائمنڈ کے بھی بورس جانسن سے قبل ایک یونیورسٹی کلاس فیلو سے تعلقات رہے ہیں—فوٹو: دی سن

تبصرے (0) بند ہیں