Dawn News Television

اپ ڈیٹ 25 مئ 2021 12:04pm

پاک-امریکا تعلقات کے فروغ کیلئے معاشی تعاون پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان اور امریکا نے باہمی تعلقات کو نئی جہت دینے کے لیے معاشی تعاون اور بہتر روابط پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے مابین تعلقات سرد مہری سے دوچار رہے ہیں تاہم جنیوا میں امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان اور پاکستان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے ملاقات کی اور مشترکہ طور پر جاری کردہ ایک بیان میں ’عملی تعاون کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا‘۔

مزید پڑھیں: امریکا کو پاکستان کی فضائی، زمینی حدود کے استعمال کی اجازت برقرار رہے گی، پینٹاگون

جو بائیڈن انتظامیہ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ دونوں ممالک کے مابین پہلا اعلیٰ سطح کا براہ راست رابطہ تھا۔

سیکریٹری خارجہ انٹونی جے بلنکن اس سے قبل اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی اور آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے بھی دو مرتبہ بات چیت کر چکے ہیں۔

اسی طرح سیکریٹری دفاع لائیڈ آسٹن بھی آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے تبادلہ خیال کر چکے ہیں۔

تاہم امریکی صدر جو بائیڈن اور وزیر اعظم عمران خان کے مابین اب تک کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔

علاوہ ازیں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق سربراہی اجلاس میں ابتدائی طور پر پاکستان کو مدعو نہیں کیا گیا تھا، لیکن پاکستان باہمی روابط اور تعاون کو بڑھانے پر زور دیتا رہا۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان سے امریکی فوج کا انخلا پاکستان، دیگر ہمسایہ ممالک کیلئے ایک امتحان

اس سے تاثر پیدا ہوا کہ دونوں حکومتوں کے مابین تعلقات سرد مہری سے دوچار ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق دوطرفہ تعلقات این ایس اے کے ’جنیوا اجلاس‘ کے ایجنڈے میں ایک اہم نکتہ تھے لیکن بھارت، افغانستان اور معاشی تعاون سمیت دیگر امور جو تعلقات کو بھی متاثر کر رہے تھے، ان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے شکایت کی کہ ابتدائی دنوں میں امریکا کی نئی انتظامیہ پاکستان کو خاطر خواہ وقت نہیں دے رہی تھی۔

جس پر ان کے امریکی ہم منصب نے دعویٰ کیا کہ کووڈ 19 وبائی بیماری کے باعث ایسا ہوا ہے کیونکہ انتظامیہ داخلی امور پر زیادہ توجہ دے رہی تھی۔

دونوں رہنماؤں کے مابین تبادلہ خیال کو ’مثبت‘ قرار دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا نے افغان استحکام کیلئے ہمسایہ ممالک ‘بالخصوص پاکستان' سے مدد مانگ لی

معید یوسف نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ 'کل امریکی این ایس اے جیک سلیوان سے مل کر خوشی ہوئی، پاکستان اور امریکی وفود نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر مثبت تبادلہ خیال کیا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات میں تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ایک ذرائع نے بتایا کہ مستقبل قریب میں دونوں فریقین کے مابین مزید تبادلے متوقع ہیں۔

دوسری جانب امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان ایملی ہورن کی جانب سے جاری کردہ ایک مختصر بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے متعدد دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ عملی تعاون کو آگے بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال اور مزید بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

امریکا کی جانب سے توقع ہے کہ وہ اقتصادی تعاون کو بڑھائے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرے۔

اسی طرح کووڈ 19 وبائی مرض اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مزید تعاون کی توقع اسلام آباد بھی کر رہا ہے۔

واشنگٹن، افغانستان سے فوجیوں کے مکمل انخلا کا خواہش مند ہے اور پاکستان سے چاہتا ہے کہ وہ پرتشدد کارروائیاں ختم کرنے کے لیے طالبان پر زور دے۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات ایسے وقت پر ہوئی ہے جب حال ہی میں پینٹاگون نے انکشاف کیا کہ پاکستان نے امریکی فوج کو اپنی فضائی حدود کے استعمال اور زمینی حدود تک رسائی دے دی تاکہ وہ افغانستان میں اپنی موجودگی کو یقینی بنا سکے۔

جس کے فوراً بعد ہی دفتر خارجہ نے امریکا کو پاکستانی سرزمین کے استعمال کی اجازت دینے کے حوالے سے میڈیا میں زیر گردش خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے امریکا کو فوج یا فضائیہ کا کوئی اڈا نہیں دیا۔

Read Comments