Dawn News Television

اپ ڈیٹ 29 مئ 2021 04:49pm

مظفرآباد: مسافر بس دریائے جہلم کے کنارے جاگری، 10افراد جاں بحق

مظفر آباد کے جنوب میں مسافر بس سیکڑوں فٹ کھائی میں دریائے جہلم کے کنارے جا گرنے سے 10 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے ہیں۔

افسوسناک واقعہ ہفتے کی صبح پیش آیا جب ایک مسافر بس خستہ حال شاہراہ سے گزر رہی تھی اور اس دوران سیکڑوں فٹ نیچے گر گئی۔

مزید پڑھیں: جہلم: کار اور وین میں تصادم ، 14 افراد ہلاک

عینی شاہدین نے بتایا کہ مسافر برس دریائے جہلم کے کنارے گری۔

اس حوالے سے چتر کلاس پولیس اسٹیشن میں تعینات ایک اہلکار محمد قدیر نے ٹیلی فون پر بتایا گیا کہ حادثہ مظفر آباد کوہالہ روڈ پر مظفر آباد سے 24 کلو میٹر جنوب میں واقع زمی آباد گاؤں کے قریب پیش آیا۔

بس میں تقریباً 25 افراد سوار تھے اور بس راولپنڈی سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ واقع وادی جہلم کے آخری گاؤں چکوٹھی جارہی تھی۔

محمد قدیر نے بتایا کہ وہاں موجود ایک شخص نے حادثے سے متعلق مظفر آباد میں ریسکیو 15 کو اطلاع دی۔

ٰیہ بھی پڑھیں: جہلم میں زائرین کی گاڑی کو حادثہ، 6 افراد ہلاک

انہوں نے بتایا کہ تھانے کا پورا عملہ اور کوہالہ میں تعینات پولیس اہلکار حادثے کے مقام پر پہنچ گئے تاکہ امدادی سرگرمیاں شروع کی جاسکیں۔

انہوں نے بتایا کہ کم سے کم 5 افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا جبکہ ہسپتال پہنچنے سے قبل 3 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

ان کا کہنا تھا کہ مظفر آباد میں شیرخوار سمیت 17 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں مزید 2 افراد نے دم توڑ دیا۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد جمیل ربانی، بس ڈرائیور، حلیمہ خان، روہن راشد، رفینہ بی بی، نجف فاطمہ، حمزہ، ذبیح اکبر، احسن، محمد سلیم اور مہران اشرف کے نام سے ہوئی ہے۔

محمد قدیر نے بتایا کہ جہاں سے بس گری تھی اس سڑک کا کچھ حصہ پہلے سے متاثر تھا اور مبینہ طور پر کٹاؤ کی وجہ سے بس دریائے جہلم کے کنارے جاگری۔

مزید پڑھیں: روہڑی میں مسافر بس الٹ گئی، 13 افراد جاں بحق

تاہم ایک اور پولیس اہلکار نے بتایا کہ سڑک کافی چوڑی تھی اور ڈرائیور انتہائی بائیں جانب گاڑی چلانے سے گریز کرسکتا تھا۔

انہوں نے کہا ایسا معلوم ہوتا ہے کہ گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور مرحومین کی مغفرت اور زخمیوں کے لیے جلد صحتیابی کی دعا کی۔

Read Comments