Dawn News Television

شائع 02 جون 2021 09:07pm

ہواوے کی جانب سے نئے فلیگ شپ پی 50 کا ٹیزر جاری

ہواوے کی جانب سے ہارمونی او ایس ایونٹ کے دوران نئے فلیگ پی 50 سیریز کے فون کی پہلی جھلک بھی جاری کی گئی۔

کمپنی کی جانب سے فون کو متعارف کرانے کی تاریخ یا قیمت تو نہیں بتایا گیا مگر اس کے منفرد کیمرا سیٹ اپ کو ضرور قریب سے دکھایا گیا۔

اس جھلک میں 4 کیمرا لینس واضح ہیں جن کے ساتھ 2 فلیشز موجود ہیں۔

یہ کہنا تو ابھی مشکل ہے کہ اس فون کے کیمرے کتنے میگا پکسل کے ہوں گے یا سنسر سائز کیا ہے مگر ہواوے کی جانب سے جاری جھلک کے مطابق ہواوے کی جانب سے اس بار بھی لائیسا کے ساتھ ملکر کیمرا سیٹ اپ پر کام کیا جارہا ہے۔

کمپنی نے دعویٰ کیا کہ یہ نیا فون موبائل فوٹوگرافی کو ایک نئی بلندی پر لے جائے گا۔

تصاویر سے یہ عندیہ بھی ملتا ہے کہ اس بار کیمرا بمپ پی 40 پرو پلس سے زیادہ بڑا ہوگا جس کا مطلب ہےکہ پی 5 میں زیادہ بڑے سنسرز اور لینسز موجود ہوں گے۔

جہاں تک دیگر فیچرز کی بات ہے تو ہواوے کے عہدیدار رچرڈ یو نے ایونٹ میں کہا کہ یہ لائٹ ویٹ ڈیزائن اور آئیکونک ڈیزائن والا فون ہوگا۔

یہ ہواوے کا پہلا فون بھی ہوسکتا ہے جس میں اینڈرائیڈ کی جگہ ہارمونی آپریٹنگ سسٹم دیا جاسکتا ہے، تاہم لائیو اسٹریم کے دوران اس کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

فون کو متعارف کرانے کے حوالے سے کمپنی کا کہنا تھا کہ وہ یہ کوشش کررہی ہے کہ کس طرح یہ بہترین ڈیوائس صارفین کو دستیاب ہو۔

عالمی سطح پر سیمی کنڈکٹر شارٹیج کے نتیجے میں دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کی طرح ہواوے کو بھی مسائل کا سامنا ہے جس کی مشکلات میں امریکی پابندیوں سے بھی اضافہ ہوا ہے۔

امریکی پابندیوں کے نتیجے میں ہواوے کے لیے اپنے پراسیسرز تیار کرنا بھی مشکل ہوگیا اور یہی وجہ ہے کہ 2 جون کے ایونٹ میں 2 میٹ پیڈ ٹیبلیٹس میں اسنیپ ڈراگون پراسیسر کو استعمال کیا گیا۔

ہواوے کی پی سیریز میں عموماً طاقتور فوٹوگرافی فیچرز کو دیا جاتا ہے جبکہ میٹ سیریز میں بزنس فیچرز پر زیادہ توجہ مرکوز کی جاتی ہے۔

Read Comments