Dawn News Television

شائع 22 جون 2021 04:12pm

کراچی: جعلی مقابلے میں دو نوجوانوں کو زخمی کرنے کے الزام میں 4 پولیس اہلکار گرفتار

کراچی: عباس ٹاؤن کے قریب جعلی مقابلے میں ایک نوجوان اور ایک کم عمر لڑکے کو زخمی کرنے کے الزام میں چار پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ابتدا میں سچل پولیس نے اسے ایک پولیس مقابلہ قرار دیا تھا تاہم متاثرہ افراد کے لواحقین کے احتجاج کے بعد اعلیٰ حکام نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا جس کے نتیجے میں یہ انکشاف ہوا کہ یہ ایک جعلی مقابلہ تھا۔

پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ اتوار کی شام عباس ٹاؤن کے قریب موٹر سائیکل سوار دو افراد کو گولی مار کر زخمی کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: کراچی میں 'جعلی پولیس مقابلے' کے خلاف شہریوں کا احتجاج

ابتدا میں کہا گیا تھا کہ پولیس کا ڈاکوؤں کے ساتھ مبینہ طور پر مقابلہ ہوا، ڈی ایس پی سچل نے جائے وقوع کا دورہ کیا جہاں سے اسلحہ یا چوری شدہ املاک نہیں مل سکیں۔

واقعے کو مشکوک مقابلہ سمجھنے کے بعد ڈی آئی جی ایسٹ نے ایس پی گلشن معروف عثمان کو اس کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

انکوائری کے آغاز میں ہی پولیس مقابلے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: دو جعلی مقابلوں میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم

جب تفتیش کے دوران اس میں شامل پولیس اہلکاروں سے پوچھ گچھ کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ انہوں نے موٹر سائیکل سواروں سے رکنے کا کہا تھا لیکن انہوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور پولیس اہلکاروں نے ان پر فائرنگ کردی۔

پولیس اہلکاروں نے دعوٰی کیا کہ جب انہوں نے فرار ہونے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ کی تھی۔

ایس پی گلشن کے مطابق پولیس اہلکاروں نے ڈیوٹی کے دوران 'مجرمانہ غفلت' کا ارتکاب کیا تھا لہذا انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے اور ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

زیر حراست پولیس اہلکاروں کی شناخت اصغر علی، عبدالقادر، صابر اور بہادر کے نام سے ہوئی ہے۔

زخمی ہونے والے نوجوانوں کی شناخت 25 سالہ عبید اللہ اور 18 سالہ آصف گوندل کے نام سے ہوئی ہے جنہیں علاج کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں داخل کردیا گیا ہے۔

Read Comments