Dawn News Television

شائع 22 جون 2021 05:46pm

فلپائنی صدر کا کووڈ ویکسینز سے انکار پر لوگوں کو جیل بھیجنے کا انتباہ

فلپائن کے صدر روڈریگو دوتر نے کورونا وائرس کی روک تھام کرنے والی ویکسینز سے انکار کرنے والے افراد کو جیل بھیجنے کا انتباہ دیا ہے۔

فلپائن میں اس وقت کورونا وائرس کا بحران بدترین ہوچکا ہے جہاں 13 لاکھ سے زیادہ کیسز اور 23 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔

فلپائنی صدر نے 21 جون کو ٹی وی میں خطاب کرتے ہوئے کہا 'آپ انتخاب کریں ویکسین یا جیل'۔

یہ بات انہوں نے اس وقت کی جب فلپائنی دارالحکومت منیلا میں متعدد مراکز میں ویکسینیشن کی شرح بہت کم تھی۔

اس سے قبل فلپائن کے محکمہ صحت نے کہا تھا کہ اگرچہ لوگوں پر کووڈ ویکسین کے استعمال کے لیے زور دیا جائے گا مگر یہ رضاکارانہ عمل ہوگا۔

فلپائنی صدر نے خطاب میں کہا 'مجھے غلط مت سمجھیں، اس وقت ہمارے ملک کو بحران کا سامنا ہے، میں فلپائنی عوام کی جانب سے حکومتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر تنگ ہوں'۔

11 کروڑ آبادی والے اس ملک میں اب تک صرف 21 لاکھ کی ویکسینیشن مکمل ہوچکی ہے جبکہ حکومت نے 2021 کے آخر تک کروڑ افراد کی ویکسینیشن مکمل کرنے کا ہدف طے کررکھا ہے۔

فلپائنی صدر کو اکثر کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے سخت مؤقف پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے جبکہ وہ اسکولوں کو دوبارہ نہ کھولنے کے فیصلے پر بھی قائم ہیں۔

Read Comments