Dawn News Television

اپ ڈیٹ 28 جون 2021 04:50pm

رکن اسمبلی ذوالفقار علی شاہ نے حریم شاہ سے منسوب خبروں کو مسترد کردیا

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے میرپورخاص سے منتخب ہونے والے رکن سندھ اسمبلی سید ذوالفقار علی شاہ نے سوشل میڈیا پر ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ سے متعلق چلنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں اپنے خلاف سازش قرار دے دیا۔

سید ذوالفقار علی شاہ نے اپنے فیس بک پیج پر اردو میں وضاحتی بیان جاری کیا کہ حریم شاہ سے منسوب ان سے متعلق پھیلائی جانے والی خبریں جھوٹی ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کے حوالے سے جھوٹی خبریں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن اسمبلی حلیم عادل شیخ اور ان کے میڈیا ترجمان صدام کنبھر چلا رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مخالفین مذکورہ خبریں اس وجہ سے پھیلا رہے ہیں، کیوں کہ انہوں نے سندھ اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران پی ٹی آئی ارکان کو ’گدھا‘ کہا تھا۔

پیپلز پارٹی کے رکن نے واضح طور پر نہیں لکھا کہ ان کے حوالے سے کس طرح کی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں لیکن انہوں نے ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کا ذکر کیا۔

سید ذوالفقار علی شاہ نے مذکورہ بیان اس وقت جاری کیا جب حلیم عادل شیخ کے میڈیا کوآرڈینیٹر صدام کنبھر نے سندھی زبان میں ایک مبہم پوسٹ کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے شادی کرلی؟

صدام کنبھر نے میرپورخاص سے تعلق رکھنے والے افراد کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے لکھا کہ تھا کہ سید ذوالفقار علی شاہ دوسروں سے بازی لے گئے۔

صدام کنبھر نے مذکورہ مبہم پوسٹ اس وقت کی تھی جب میڈیا میں یہ خبریں سامنے آئیں کہ ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سے شادی کرلی۔

حلیم عادل شیخ کے میڈیا کوآرڈینیٹر صدام کنبھر کی مذکورہ مبہم پوسٹ کو ایسا سمجھا گیا کہ شاید ذوالفقار علی شاہ نے حریم شاہ سے شادی کی ہے، جس کی وجہ سے کئی لوگوں نے جعلی خبریں پھیلانا شروع کیں۔

تاہم جلد ہی سید ذالفقار علی شاہ نے اپنی وضاحتی پوسٹ میں تمام خبروں کو جعلی قرار دیا۔

خیال رہے کہ حریم شاہ نے 28 جون کی صبح تصدیق کی تھی کہ انہوں نے پیپلز پارٹی کے ایک رکن سندھ اسمبلی سے شادی کرلی لیکن انہوں نے اپنے شوہر کا نام نہیں بتایا تھا۔

حریم شاہ نے جیو ڈاٹ ٹی وی سے گفتگو کے دوران اپنی شادی کی تصدیق کی، ساتھ ہی بتایا تھا کہ وہ کچھ عرصے بعد تمام تفصیلات عام کردیں گی۔

Read Comments