Dawn News Television

شائع 19 اگست 2021 10:31am

پی ٹی وی اینکرز کو حجاب کرنے کی ہدایات حکومت نے نہیں دیں، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے واضح کیا ہے کہ پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کی خواتین اینکرز کو حجاب کرنے کی ہدایات حکومت نے نہیں دیں۔

چوہدری فواد حسین کی وضاحت سے قبل سوشل میڈیا پر پی ٹی وی کی اینکرز کی ایسی تصاویر وائرل ہوئی تھیں جن میں انہیں حجاب کے ساتھ خبریں پڑھتے دیکھا جا سکتا ہے۔

سرکاری ٹی وی پر خواتین میزبانوں کی جانب سے حجاب پہننے کے بعد بعض سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا تھا کہ خواتین کو حکومت نے ایسا کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہی پی ٹی وی کی خواتین کو حجاب پننے کی ہدایت دی ہیں۔

صارفین کے ایسے دعوے کے بعد چوہدری فواد حسین نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ایسی کوئی ہدایات جاری نہیں کیں۔

فواد چوہدری نے پی ٹی وی اینکرز کی حجاب کے ساتھ تصاویر کی ایک ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے واضح کیا کہ حکومت نے ایسی کوئی ہدایات جاری نہیں کیں۔

چوہدری فواد حسین کے مطابق خواتین اینکرز کی جانب سے حجاب پہننا یا نہ پہننا ان کی ذاتی پسند ہے، حکومت نے اس طرح کے کسی ڈریس کوڈ کا حکم نہیں دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کے مطابق پی ٹی وی کے اینکرز و پریزنٹر لباس کی پسند کے معاملے میں آزاد ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کے دعووں کے برعکس اگر پی ٹی وی کے حالیہ خواتین میزبانوں کے حجاب پہننے یا پہننے کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوگا کہ بعض اینکرز نے حجاب پہنے بغیر ہی اسکرین پر خدمات سر انجام دیں۔

پی ٹی وی کے آفیشل ٹوئٹر اکائونٹ پر گزشتہ دو دن سے جاری کی گئی تازہ ویڈیوز میں بعض خواتین اینکرز کو حجاب کے بغیر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ماضی میں بھی پی ٹی وی کی خواتین اینکرز سر پر دوپٹہ رکھنے سمیت ملکی روایات و ثقافت کے مطابق لباس پہنتی دکھائی دیتی رہی ہیں، تاہم پہلی بار پی ٹی وی کی اینکرز کے حجاب کرنے پر الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔

پی ٹی وی کی میزبان خواتین کی جانب سے حجاب کرنے کے معاملے کو ایسے وقت میں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جب کہ حال ہی میں پڑوسی ملک افغانستان مین طالبان نے حکومت کا کنٹرول سنبھالا ہے اور وہاں خواتین اینکرز و صحافی حجاب اور پردے میں دکھائی دے رہی ہیں۔

Read Comments