Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 اگست 2021 03:54pm

صحیفہ جبار ڈراموں میں یکسانیت کے شکار و عورت مخالف موضوعات سے نالاں

اداکارہ صحیفہ جبار خٹک نے یکسانیت کے شکار، خواتین مخالف اور غیر تخلیقی کہانیوں اور مناظر پر مبنی ڈراموں کی بھرمار پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک ہی طرح کے کردار ادا کر کر کے تھک گئی ہیں۔

اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوریز میں ڈراموں کی کہانیوں اور کرداروں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے اسکرپٹ کی منتظر ہیں جو انہیں باقیوں سے منفرد لگے۔

اداکارہ نے متعدد اسٹوریز میں بتایا کہ یہ خیال یا خبریں غلط ہیں کہ انہوں نے اداکاری چھوڑ دی ہے اور وہ ایکٹنگ کو غلط سمجھتی ہیں۔

صحیفہ جبار خٹک نے واضح کیا کہ وہ اداکاری کو آرٹ سمجھتی ہیں، وہ شوبز انڈسٹری میں سخت محنت کرنے والے اداکاروں، ہدایت کاروں، پروڈیوسرز، لکھاریوں اور تکنیکی عملے کی خدمات اور محنت کی قدر و اعتراف کرتی ہیں مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ اب ہمارے ڈرامے یکسانیت کا شکار ہو چکے ہیں۔

اداکارہ نے لکھا کہ ہمارے ڈراموں میں ایک طرح کی ہی کہانیاں پیش کی جا رہی ہیں اور ملتے جلتے خواتین کو کم تر یا کمزور دکھانے کے کردار تخلیق کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حمل سے متعلق سوال پوچھنے والے مداح کو صحیفہ جبار کا کرارا جواب

انہوں نے سوال کیا کہ خواتین کو ہی ہر مرتبہ مسائل کا شکار دکھایا جاتا ہے، کیوں کسی عورت کے کردار کو اپنی بہن کے انتقال کے بعد اس کے شوہر سے شادی کرتے ہوئے دکھایا جاتا ہے؟

اداکارہ نے لکھا کہ ہر ڈرامے میں خواتین کو گھروں تک محدود دکھایا جا رہا ہے یا پھر انہیں گھر سے باہر اغوا ہوتے ہوئے اور ان کی شادیاں کراتے ہوئے دکھایا جاتا ہے۔

صحیفہ جبار خٹک نے لکھا کہ انہیں مجبور ہوکر یہ لکھنا پڑ رہا ہے کہ وہ یکسانیت کے شکار اور تخلیقی صلاحیت سے خالی ڈراموں میں اداکاری نہیں کریں گی۔

مزید پڑھیں: صحیفہ جبار کو استعمال شدہ اشیا فروخت کرنے پر تنقید کا سامنا

اداکارہ نے لکھا کہ ایسا نہیں ہے کہ انہیں کرداروں کی پیش کش نہیں ہو رہی بلکہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ اب ان کے پاس اچھے اسکرپٹ نہیں آ رہے۔

اداکارہ نے لکھا کہ اب وہ خواتین مخالف کرداروں پر مبنی ڈراموں میں کام نہیں کر سکتیں اور نہ ہی وہ ڈراموں میں خواتین کو مرد حضرات کی طرح پیش کرکے اسے عورتوں کی خودمختاری سمجھتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:مایوس ہوں کہ ساڑھے 4 سال تک فیشن انڈسٹری سے وفادار رہی، صحیفہ جبار

صحیفہ جبار نے اپنی اسٹوریز میں ڈراما پروڈیوسرز و ہدایت کاروں کو اپیل بھی کی کہ اگر ان کے پاس شاندار ڈائیلاگز اور اچھوتے خیالوں پر مبنی جاندار کرداروں کے ڈرامے ہوں تو انہیں اسکرپٹ ضرور بھیجیں۔

صحیفہ جبار نے مذکورہ معاملے پر ایک ایسے وقت میں بات کی ہے جب کہ ان سے متعلق افواہیں تھیں کہ انہوں نے شوبز سے طویل عرصے تک وقفہ لے لیا۔

مزید پڑھیں: کھڑکی صاف کرنے والے کا مذاق اڑانا صحیفہ کو مہنگا پڑگیا

طویل عرصے سے ماڈلنگ کرنے والی صحیفہ جبار نے چند سال قبل ہی اداکاری کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے تاحال نصف درجن ڈراموں میں ہی اداکاری کی ہے۔

ان کا آخری ڈراما 2020 میں نشر ہوا تھا، انہوں نے 2017 میں دیرینہ دوست خواجہ خضر حسین سے شادی کی تھی۔

Read Comments