Dawn News Television

اپ ڈیٹ 29 ستمبر 2021 07:19pm

مسلسل تاخیر کے بعد بلآخر جیمز بانڈ فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ ریلیز

تقریباً 2 سال کی تاخیر کے بعد بلآخر شہرہ آفاق جاسوس فلم سیریز ’جیمز بانڈ‘ کی 25 ویں فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کو 28 ستمبر کو ابتدائی طور پر لندن کے سینماؤں میں ریلیز کردیا گیا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق فلم کو سینماؤں کی زینت بنائے جانے سے قبل ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کا ’رائل البرٹ ہال‘ میں ورلڈ پریمیئر منعقد کیا گیا، جس میں برطانوی شاہی خاندان کے افراد نے بھی شرکت کی۔

ورلڈ پریمیئر کے موقع پر سجائے گئے ریڈ کارپٹ پر جہاں فلم کی کاسٹ نے جلوے بکھیرے وہیں شہزادہ چارلس اپنے بڑے بیٹے شہزادہ ولیم سمیت شریک ہوئے اور دونوں کی بیویوں نے بھی پریمیئر میں شرکت کی۔

ورلڈ پریمیئر کی تقریب میں امریکی گلوکارہ بلی آئلش نے پرفارمنس بھی کی، انہوں نے فلم میں شامل اپنے گانے پر سر بکھیرے۔

ریڈ کارپٹ پر ’جیمز بانڈ‘ کے جاسوس ڈینیئل کریگ، ان کی ساتھی جاسوسہ لشانا لائنچ، لیا سیڈاؤکس اور فلم میں ولن کا کردار ادا کرنے والے ریمی ملک سمیت دیگر اداکاروں نے بھی جلوے بکھیرے۔

اسی حوالے سے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) نے بتایا کہ شہزادہ چارلس، ان کی اہلیہ اور شہزادہ ولیم سمیت ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے جیمز بانڈ کے جاسوس ڈینیئل کریگ کی اداکاری کی تعریفیں بھی کیں۔

’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ جاسوس کے طور پر ڈینیئل کریگ کی آخری فلم ہے، انہوں نے مسلسل پانچ ’جیمز بانڈ‘ فلموں میں ’007‘ نامی جاسوس کا کردار ادا کیا۔

سیریز کی 25ویں فلم میں لشانا لائنچ نے ان کی ساتھی جاسوسہ ’00‘ کا کردا ادا کیا ہے اور اطلاعات تھیں کہ سیریز کی 26 ویں فلم میں ممکنہ طور پر انہیں مرکزی کردار دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: 18 ماہ کی تاخیر کے بعد ’جیمز بانڈ‘ فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ اگلے ہفتے ریلیز ہوگی

’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ میں دکھایا گیا ہے کہ مشن کی کامیابی کے بعد جیمز بانڈ ریٹائرڈ ہوجائیں گے اور ان کی ذمہ داریاں عارضی طور پر لشانا لائنچ کو دی جائیں گی، جن سے متعلق ایک سال سے افواہیں ہیں کہ انہیں ہی اگلی مرتبہ ’007‘ کا مرکزی کردار دیا جائے گا۔

تاہم فلم کی پروڈیوسر باربرا براکلی اور ڈینیئل کریگ تجویز دے چکے ہیں کہ جاسوس کا مرکزی کردار کسی خاتون کو نہیں دیا جانا چاہیے اور اب تک فلم کی ٹیم نے آفیشلی طور پر اس بات کی تصدیق بھی نہیں کی ہے کہ اگلی فلم میں جاسوس کون بنے گا؟

’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کو برطانیہ میں ریلیز کیے جانے کے بعد ترتیب وار اسے دیگر یورپی ممالک اور بعد ازاں امریکا میں ریلیز کیا جائے گا، جس کے بعد فلم ایشیا اور افریقہ سمیت دیگر خطوں میں بھی ریلیز ہوگی۔

مزید پڑھیں: ’جیمز بانڈ‘ فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کو ستمبر میں ریلیز کرنے کا اعلان

’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کو ابتدائی طور پر اپریل 2020 میں ریلیز کیا جانا تھا مگر کورونا کی وبا کے باعث اس کی نمائش ملتوی کی گئی تھی۔ بعد ازاں ٹیم نے فلم کو اکتوبر 2020 میں ریلیز کرنے کی اُمید ظاہر کی تھی مگر پھر اسے نومبر 2020 تک مؤخر کیا گیا تھا۔

لیکن نومبر میں بھی اس کی ریلیز نہ ہوسکی تو اسے اپریل 2021 میں ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا مگر وبا کے باعث اس کی نمائش نہ ہوسکی تھی، جس کے بعد بلآخر اسے اب ریلیز کردیا گیا۔

Read Comments