18 ماہ کی تاخیر کے بعد ’جیمز بانڈ‘ فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ اگلے ہفتے ریلیز ہوگی

اپ ڈیٹ 24 ستمبر 2021
ممکنہ طور پر یہ ڈینیئل کریگ کی آخری جیمز بانڈ فلم ہوگی—
فوٹو: اے ایف پی
ممکنہ طور پر یہ ڈینیئل کریگ کی آخری جیمز بانڈ فلم ہوگی— فوٹو: اے ایف پی

جاسوسی سے متعلق ہولی وڈ کی مشہورِ زمانہ فلم سیریز جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کورونا وائرس کی وجہ سے 18 ماہ کی تاخیر کے بعد اگلے ہفتے ریلیز ہوگی۔

فرانسیسی خبررساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق فلم 'نو ٹائم ٹو ڈائے' کے ورلڈ پریمیئر میں برطانوی شاہی خاندان کے افراد اور عالمی وبا کے ہیروز کو لندن کے رائل البرٹ ہال میں مدعو کیا گیا ہے۔

توقع کی جارہی ہے کہ یہ فلم 007 کے طور پر ڈینیئل کریگ کی آخری فلم ہوگی۔

مزید پڑھیں: ’جیمز بانڈ‘ فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کو ستمبر میں ریلیز کرنے کا اعلان

ڈینیئل کریگ اور ان کے ساتھی اداکار رامی میلیک اور لیا سیڈاؤکس ریڈ کارپٹ پر شہزادہ چارلس اور ولیم کے ساتھ اس فلم کی نمائش میں شریک ہوں گے۔

جس کے 2 روز بعد اسے برطانوی سینما گھروں میں اور بعد ازاں دنیا بھر میں 8 اکتوبر کو ریلیز کیا جائے گا۔

فلم کو اگلے ہفتے ریلیز کیا جائے گا—پرومو فوٹو/ رائٹرز
فلم کو اگلے ہفتے ریلیز کیا جائے گا—پرومو فوٹو/ رائٹرز

دوسری جانب ہیلتھ کیئر ورکرز اور برطانوی افواج کے اہلکار بھی پریمیئر میں شرکت کریں گے جن کی خدمات کے اعتراف کے لیے انہیں برطانیہ بھر میں دیگر 10 پریمیئرز میں بھی مدعو کیا گیا ہے۔

فرنچائز پروڈیوسر باربرا بروکولی کا ’نو ٹائم ٹو ڈائے: دا آفیشل جیمز بانڈ پوڈکاسٹ‘ میں کہا کہ ’ہم اس فلم کی تھیٹرز میں نمائش کے لیے ناقابل یقین حد تک خوش ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ یہ بانڈ سیریز کی 25 ویں فلم ہے اور اس سیریز کو لگ بھگ 60 برس ہونے والے ہیں اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ ڈینیئل کریگ اس فلم سے جا رہے ہیں لہذا ہمیں ایسا لگ رہا ہے کہ یہ ایک بڑا ایونٹ ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کا خوف، ’جیمز بانڈ‘ کی ریلیز مؤخر

خیال رہے کہ ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کو ابتدائی طور پر اپریل 2020 میں ریلیز کیا جانا تھا مگر کورونا کی وبا کے باعث اس کی نمائش ملتوی کی گئی تھی، بعد ازاں ٹیم نے فلم کو اکتوبر 2020 میں ریلیز کرنے کی اُمید ظاہر کی تھی مگر پھر اسے نومبر 2020 تک مؤخر کیا گیا تھا۔

لیکن نومبر میں بھی اس کی ریلیز نہ ہوسکی تو اسے اپریل 2021 میں ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کے ٹریلرز 2019 میں ہی سامنے آچکے تھے، جاری کیے گئے ٹریلر میں ایک مرتبہ پھر برطانوی اداکار ڈینیئل کریگ کو جاسوس کا مرکزی کردار نبھاتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

ابتدائی طور پر فلم کو اپریل 2020 میں ریلیز کیا جانا تھا—اسکرین شاٹ
ابتدائی طور پر فلم کو اپریل 2020 میں ریلیز کیا جانا تھا—اسکرین شاٹ

ٹریلر میں ان کے ساتھ ہی ممکنہ طور پر اگلے جاسوس کا کردار نبھانے والی اداکارہ لشانا لائنچ کو بھی دکھایا گیا تھا۔

ٹریلر میں برطانوی جاسوس جیمز بانڈ یعنی ڈینیئل کریگ کو خطرناک مشن کو مکمل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا، ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اس مرتبہ شائقین فلم میں سائنس فکشن فلموں جیسی کاریں اور موٹر سائیکلیں بھی فلم میں دیکھ سکیں گے۔

جیمز بانڈ سیریز کی 25 ویں فلم کی کہانی کی دلچسپت بات یہ ہے کہ اس مرتبہ جاسوس جیمز بانڈ کو امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے سے تعلق رکھنے والے ایک دوست سے مدد مانگتے ہوئے دکھایا جائے گا جب کہ اس بار جیمز بانڈ کے کردار کو فلم میں ریٹائر ہوکر عام زندگی کی طرف لوٹتے ہوئے بھی دکھایا جائے گا۔

‘نو ٹائم ٹو ڈائے‘ میں جاسوس کو اغوا ہونے والے ایک سائنسدان کو تلاش کرتے ہوئے دکھایا جائے گا اور اس موقع پر انہیں کئی خطرناک لوگوں اور نئی ٹیکنالوجی کے ہتھیاروں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مزید پڑھیں: ’جیمز بانڈ‘ کی 25 ویں فلم کی ریلیز اکتوبر 2021 تک ملتوی

فلم کی کہانی کے مطابق آخر میں مشن کی کامیابی کے بعد جیمز بانڈ ریٹائرڈ ہوجائیں گے، جس کے بعد ان کی ذمہ داریاں ممکنہ طور پر ایک خاتون کو دی جائیں گی جو سیریز کی اگلی فلم میں جاسوس کے روپ میں دکھائی دیں گی۔

رپورٹس ہیں کہ جیمز بانڈ کی اگلی فلم میں جیمز بانڈ کا کردار ایک خاتون نبھائیں گی اور اس 25 ویں فلم میں اس خاتون یعنی لشانا لائنچ کو بھی دکھایا گیا ہے جو جیمز بانڈ کا ساتھ دیتی دکھائی دیتی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں