’جیمز بانڈ‘ فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کو ستمبر میں ریلیز کرنے کا اعلان

فلم کو ستمبر کے آخر میں ریلیز کیا جائے گا—پرومو فوٹو/ رائٹرز
فلم کو ستمبر کے آخر میں ریلیز کیا جائے گا—پرومو فوٹو/ رائٹرز

ہولی وڈ کی جاسوسی سے متعلق معروف زمانہ فلم سیریز جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کو اب اکتوبر کے بجائے ستمبر میں ہی ریلیز کیا جائے گا۔

فلم کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے کی گئی ٹوئٹ میں تصدیق کی گئی کہ فلم کا ورلڈ پریمیئر 28 ستمبر کو لندن میں منعقد کیا جائے گا اور اس دوران ریڈ کارپٹ پر اداکار جلوے بھی بکھیرتے دکھائی دیں گے۔

ٹوئٹ میں تصدیق کی گئی کہ ورلڈ پریمیئر میں فلم کے ہدایت کار، پروڈیوسر اور اداکار شرکت کریں گے۔

اسی حوالے سے خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے بتایا کہ جاسوس فلم سیریز کی ٹیم نے تصدیق کی کہ فلم کو ستمبر کے آخر میں ہی دنیا کے متعدد ممالک میں ریلیز کردیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق ورلڈ پریمیئر کے بعد 20 ستمبر کو فلم کو برطانوی سینما ہاؤسز میں ریلیز کرنے کے بعد ترتیب وار دیگر ممالک میں بھی جاری کیا جائے گا۔

’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کو 8 اکتوبر کو امریکا میں ریلیز کیا جائے گا اور فلم کی ٹیم نے پہلی ہی اعلان کیا تھا کہ جاسوس سیریز کی نئی مووی کو اکتوبر میں ریلیز کیا جائے گا۔

فلم کو ریلیز کرنے کے تازہ اعلان سے قبل کورونا کی وبا کے باعث ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کی نمائش 5 بار ملتوی کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کا خوف، ’جیمز بانڈ‘ کی ریلیز مؤخر

’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کو ابتدائی طور پر اپریل 2020 میں ریلیز کیا جانا تھا مگر کورونا کی وبا کے باعث اس کی نمائش ملتوی کی گئی تھی۔ بعد ازاں ٹیم نے فلم کو اکتوبر 2020 میں ریلیز کرنے کی اُمید ظاہر کی تھی مگر پھر اسے نومبر 2020 تک مؤخر کیا گیا تھا۔

لیکن نومبر میں بھی اس کی ریلیز نہ ہوسکی تو اسے اپریل 2021 میں ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اگرچہ ’جیمز بانڈ‘ کی طرح دیگر فلموں کی ریلیز بھی مؤخر یا ملتوی ہوتی رہی تاہم بعد ازاں کئی میگا بجٹ فلموں کو آن لائن ریلیز کیا گیا اور خیال کیا جا رہا تھا کہ ’جیمز بانڈ‘ کو بھی آن لائن ریلیز کیا جائے گا۔

ابتدائی طور پر فلم کو اپریل 2020 میں ریلیز کیا جانا تھا—اسکرین شاٹ
ابتدائی طور پر فلم کو اپریل 2020 میں ریلیز کیا جانا تھا—اسکرین شاٹ

تاہم رواں برس جنوری میں فلم کی ٹیم نے اعلان کیا تھا کہ فلم کو اپریل کے بجائے اکتوبر 2021 میں ریلیز کیا جائے گا، لیکن خیال کیا جا رہا تھا کہ ممکنہ طور پر چھٹی بار بھی اس کی نمائش روک دی جائے گی۔

’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کے ٹریلرز 2019 میں ہی سامنے آچکے تھے، جاری کیے گئے ٹریلر میں ایک بار پھر اور شاید آخری بار برطانوی اداکار ڈینیئل کریگ کو جاسوس کا مرکزی کردار نبھاتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

ٹریلر میں ان کے ساتھ ہی اگلے جاسوس کا کردار نبھانے والی اداکارہ لشانا لائنچ کو بھی دکھایا گیا تھا۔

ٹریلر میں برطانوی جاسوس جیمز بانڈ یعنی ڈینیئل کریگ کو خطرناک مشن کو مکمل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا، ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اس بار شائقین فلم میں سائنس فکشن فلموں جیسی کاریں اور موٹر سائکلیں بھی فلم میں دیکھ سکیں گے۔

مزید پڑھیں: ’جیمز بانڈ‘ کی 25 ویں فلم کی ریلیز اکتوبر 2021 تک ملتوی

جیمز بانڈ سیریز کی 25 ویں فلم کی کہانی کی دلچسپت بات یہ ہے کہ اس بار جاسوس جیمز بانڈ کو امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے سے تعلق رکھنے والے ایک دوست سے مدد مانگتے ہوئے دکھایا جائے گا جب کہ اس بار جیمز بانڈ کے کردار کو فلم میں ریٹائر ہوکر عام زندگی کی طرف لوٹتے ہوئے بھی دکھایا جائے گا۔

‘نو ٹائم ٹو ڈائے‘ میں جاسوس کو اغوا ہونے والے ایک سائنسدان کو تلاش کرتے ہوئے دکھایا جائے گا اور اس موقع پر انہیں کئی خطرناک لوگوں اور نئی ٹیکنالوجی کے ہتھیاروں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

فلم کی کہانی کے مطابق آخر میں مشن کی کامیابی کے بعد جیمز بانڈ ریٹائرڈ ہوجائیں گے، جس کے بعد ان کی ذمہ داریاں ممکنہ طور پر ایک خاتون کو دی جائیں گی جو سیریز کی اگلی فلم میں جاسوس کے روپ میں دکھائی دیں گی۔

رپورٹس ہیں کہ جیمز بانڈ کی اگلی فلم میں جیمز بانڈ کا کردار ایک خاتون نبھائیں گی اور اس 25 ویں فلم میں اس خاتون یعنی لشانا لائنچ کو بھی دکھایا گیا ہے جو جیمز بانڈ کا ساتھ دیتی دکھائی دیتی ہیں۔

جیمز بانڈ کی اگلی یعنی 26 ویں فلم وہ پہلی فلم ہوگی جس میں برطانوی جاسوس جیمز بانڈ کا کردار کوئی خاتون یعنی لشانا لائنچ ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں