Dawn News Television

اپ ڈیٹ 25 اکتوبر 2021 11:41pm

بیوی سے دور رہنے کے لیے جیل جانے کا خواہشمند شوہر

میاں بیوی کا رشتہ زندگی بھر کا ہوتا ہے اور اگر دونوں کے تعلقات اچھے نہ ہوں تو پھر ساتھ رہنا بہت مشکل ہوجاتا ہے۔

ایسا ہی کچھ اٹلی میں سامنے آیا ہے جہاں ایک شخص نے اپنی بیوی سے دور ہونے کے لیے جیل بھیجنے کا مطالبہ کرنے لگا۔

یہ شخص (جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا) اپنے گھر میں نظر بند ہے اور اس نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اسے جیل بھیجا جائے 'اب میں اپنی بیوی کے ساتھ مزید نہیں رہ سکتا'۔

البانیہ سے تعلق رکھنے والا 30 سالہ شخص اطالوی قصبے گیوڈونیا مونٹی سیلو میں مقیم ہے۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق اس شخص کا کہنا تھا کہ وہ اب مزید اپنی بیوی کے ساتھ نظربند نہیں رہ سکتا۔

انتظامیہ کے مطابق 'اس صورتحال کے باعث وہ فرار ہوکر خود کو حکام کے سامنے پیش ہونے کا سوچ رہا تھا تاکہ اپنی سزا سلاخوں کے پیچھے گزارنے کا مطالبہ کرسکے'۔

اس شخص کو منشیات سے جڑے جرائم کے باعث گھر میں نظربند رہنے کی سزا سنائی گئی تھی۔

ایک مقامی عہدیدار نے بتایا کہ وہ گھر میں اپنی بیوی اور خاندان کے ساتھ مقیم ہے، مگر اب اس کا صبر ختم ہوچکا ہے، وہ کہتا ہے کہ 'میری گھریلو زندگی جہنم بن چکی ہے اور میں اسے مزید برداشت نہیں کرسکتا، میں جیل جانا چاہتا ہوں'۔

اور اب اس کی خواہش پوری بھی ہوگئی ہے۔

ایسا اس وقت ہوا جب اس نے نظربندی کی خلاف ورزی کی تاکہ جیل بھیجنے کا مطالبہ کرسکے ، جس پر اسے گرفتار کرکے سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا گیا ہے۔

Read Comments