Dawn News Television

اپ ڈیٹ 26 اکتوبر 2021 05:04pm

مالی سال 2022 کی پہلی سہ ماہی میں آئی ٹی برآمدات میں 42 فیصد اضافہ

رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات میں سالانہ 42 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جولائی سے ستمبر تک پاکستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آئی ٹی سے متعلق سروس کی برآمدات 63 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز رہی جو گزشتہ سال اس عرصے میں 44 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھیں۔

مزید پڑھیں: آئی ٹی سیکٹر میں پاکستان کی برآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئیں

مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے ایک بیان میں کہا کہ ’میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو ان کی لگن اور کوششوں پر مبارک باد پیش کرتا ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’آئی ٹی کے شعبے میں ترقی دیکھ کر میں پُرامید ہوں کہ ہم مالی سال 22-2021 میں آئی ٹی کی برآمدات کا ہدف حاصل کر لیں گے'۔

پاکستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات میں مالی سال 2021 میں 47.4 فیصد نمو دیکھی گئی تھی اور یہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 2 ارب ڈالر سے زائد رہی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ٹی کے استعمال سے ملکی برآمدات بڑھا سکتے ہیں، عمران خان

انہوں نے کہا کہ حکومت نے آئی ٹی کی برآمدات کی حوصلہ افزائی کے لیے سال 22-2021 کے بجٹ میں ٹیکسز اور برآمدات کے مرحلے میں متعدد مراعات فراہم کی ہیں۔

Read Comments