Dawn News Television

اپ ڈیٹ 27 اکتوبر 2021 07:22am

کووڈ کی طویل المعیاد علامات کا سامنا بچوں کو بھی ہوسکتا ہے

کووڈ 19 کی طویل المعیاد علامات کا سامنا بالغ افراد کے ساتھ ساتھ بچوں کو بھی ہوسکتا ہے۔

یہ بات جرمنی میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

اس تحقیق میں بالغ افراد اور بچوں میں لانگ کووڈ کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

اب تک بالغ افراد پر لانگ کووڈ کے حوالے سے کافی تحقیقی کام ہوا ہے مگر بچوں میں زیادہ توجہ مرکوز نہیں کی گئی۔

اس تحقیق میں ہیلتھ انشورنس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا تھا۔

تحقیق میں ایک لاکھ 57 ہزار سے زیادہ افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا اور دیکھا گیا کہ بیماری کو شکست دینے کے 3 ماہ بعد کتنے افراد کو تاحال علامات کا سامنا تھا۔

نتائج سے عندیہ ملا کہ کووڈ 19 کے 30 فیصد مریضوں کو لانگ کووڈ کا سامنا ہوسکتا ہے، جن سے جسمانی، ذہنی صحت متاثر ہوسکتی ہے۔

تحقیق میں شامل 6 فیصد بالغ جبکہ ایک فیصد بچے کووڈ 19 کے باعث ہسپتال میں داخل ہوئے تھے جبکہ 2 فیصد بالغ افراد اور 0.4 فیصد بچوں کو آئی سی یو نگہداشت یا وینٹی لیٹر کی ضرورت پڑی۔

تحقیق کے مطابق بچوں اور نوجوانوں میں خسرہ، مسلسل تھکاوٹ، کھانسی، گلے یا سینے میں تکلیف جیسی علامات نمایاں تھیں جبکہ سردرد، بخار، انزائٹی/ ڈپریشن امراض اور پیٹ درد کی شرح میں 50 سے 100 فیصد اضافہ ہوا۔

اسی طرح بالغ افراد کھانسی، بخار، سینے میں تکلیف، بال گرنا، سانس لینے میں مشکلات، سردرد اور خسرہ جیسی علامات کی شرح میں کئی گنا اضافہ ہوا۔

تحقیق کے مطابق چونکہ بچوں کے مقابلے میں کووڈ 19 کیسز کی شرح بالغ افراد میں 162 فیصد زیادہ ہے تو تو علامات میں فرق کی بڑی وجہ پھیپھڑوں سے جڑی علامات کا ہے اور بالغ افراد میں ہی لانگ کووڈ کی شرح 41 فیصد زیادہ ہے۔

جن افراد کو ہسپتال یا آئی سی یو میں رہنا پڑا ان میں لانگ کووڈ کا خطرہ دیگر سے زیادہ ہوتا ہے چاہے عمر جو بھی ہو۔

محققین کا کہنا تھا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ بچوں میں کووڈ کی طویل المعیاد علامات کا خطرہ ہوتا ہے مگر اب تک اس عمر کے گروپ کے حوالے سے شواہد کافی نہیں تھے۔

اس تحقیق کے نتائج کسی طبی جریدے میں شائع نہیں ہوئے بلکہ پری پرنٹ سرور medRxiv پر جاری کیے گئے۔

Read Comments