Dawn News Television

شائع 24 نومبر 2021 09:02pm

واٹس ایپ کے ویب ورژن میں اپنا اسٹیکر تیار کرنے کا فیچر متعارف

اگر آپ واٹس ایپ کا ویب ورژن استعمال کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اس میں ایک نئے فیچر کاسٹیوم اسٹیکر میکر کا اضافہ ہوا ہے۔

یہ فیچر صارفین کو ان کی عام تصاویر کو اسٹیکرز میں بدلنے کی سہولت فراہم کرے گا۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے چیٹ ونڈوز میں پیپر کلپ (اٹیچمنٹس) آئیکون پر کلک کریں اور وہاں اسٹیکرز کا انتخاب کریں۔

اسٹیکر کے انتخاب کے بعد صارف اپنی پسند کی تصویر اپ لوڈ کرکے اسے اسٹیکر کی شکل دے سکیں گے۔

ایک بار لوڈ ہونے کے بعد تصاویر کو ایڈٹ کرکے پرفیکٹ اسٹیکر میں بدلا جاسکے گا۔

تصویر کے پس منظر کو کٹ کیا جاسکے گا، ان کو کراپ کیا جاسکے گا، ایموجی، ٹیکسٹ اور دیگر واٹس ایپ اسٹیکرز کو بھی ان کا حصہ بنایا جاسکے گا۔

ویسے واٹس ایپ میں اپنے اسٹیکرز بنانا کوئی نیا خیال نہیں۔

اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز میں واٹس ایپ میں کاسٹیوم اسٹیکرز تیار کرنے میں مددگار متعدد تھرڈ پارٹی ایپس موجود ہیں۔

مگر ویب ورژن میں یہ سہولت موجود نہیں تھی اور کمپنی نے اسے براہ راست اپنی سروس کا حصہ بنایا ہے تو یقیناً صارفین کے لیے یہ کارآمد فیچر ہوگا۔

خاص طور پر بڑی اسکرین پر تصاویر کو ایڈٹ کرنا بھی زیادہ آسان ہوتا ہے۔

یہ فیچر ویب ورژن کے بعد آئندہ ہفتے ڈیسک ٹاپ ایپس کے لیے بھی متعارف کرا دیا جائے گا۔

Read Comments