واٹس ایپ کو ویب ورژن پر اسمارٹ فون کے بغیر استعمال کرنے کا طریقہ جان لیں

07 نومبر 2021
مگر ایسا کرنے کے لیے ایک شرط ضرور ہے — شٹر اسٹاک فوٹو
مگر ایسا کرنے کے لیے ایک شرط ضرور ہے — شٹر اسٹاک فوٹو

کیا واٹس ایپ کو اسمارٹ فون کے بغیر استعمال کرنا ممکن نہیں؟ تو حقیقت تو یہ ہے کہ اب ایسا بالکل ممکن ہے۔

جی ہاں اب آپ واٹس ایپ یا ڈیسک ٹاپ ورژن کو اسمارٹ فون کے بغیر بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

مگر اس میں ایک شرط ضرور ہے۔

ہوسکتا ہے کہ آپ کو علم ہو کہ واٹس ایپ میں بیک وقت متعدد ڈیوائسز میں اس سروس کا استعمال اب متعدد صارفین کے لیے کچھ شرائط کے ساتھ ممکن ہے۔

ویسے تو یہ فیچر جولائی میں محدود صارفین کے لیے بیٹا ورژن میں پیش کیا گیا تھا مگر ستمبر 2021 میں تمام صارفین کو اس کے بیٹا ورژن تک رسائی فراہم کردی گئی تھی۔

اب جاکر واٹس ایپ نے اس فیچر کے بیٹا ورژن میں وہ اپ ڈیٹ کردی ہے جو آپ کو کسی بھی ڈیوائس پر واٹس ایپ کو اسمارٹ فون سے منسلک کیے بغیر استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔

میٹا (فیس بک کا پرانا نام) کی زیرملکیت ایپ میں اس نئے فیچر سے کمپیوٹر یا ویب ورژن پر اسمارٹ فون کے بغیر اپنے پیاروں سے رابطے میں رہنا ممکن ہوگیا، مگر ایک وقت میں صرف 4 ڈیوائسز کو ہی کنکٹ کرنا ممکن ہوگا۔

اس کا طریقہ کیا ہوگا؟

اس کے لیے آپ کو شروع میں اسمارٹ فون کی ضرورت ہوگی، یعنی فون پر واٹس ایپ کو اوپن کریں اور پھر اوپر تھری ڈاٹ پر کلک کرکے لنکڈ ڈیوائسز کے آپشن پر جائیں۔

اگر آپ نے ملٹی ڈیوائسز کے بیٹا ورژن کو جوائن کیا ہے تو وہاں آپ کو لنک اے ڈیوائس کے آپشن پر کلک کرنا ہوگا اور پھر ویب یا ڈیسک ٹاپ ورژن پر کیو آر کوڈ کو اسکین کرنے کا کہا جائے گا۔

اگر آپ بیٹا فیچر کا حصہ نہیں تو پہلے اس کو جوائن کریں، یعنی لنکڈ ڈیوائسز کے آپشن میں جائیں اور وہاں ملٹی ڈیوائس بیٹا پر کلک کرنے پر آپ کو مختلف ہدایات میں اس کو جوائن کرنے کا طریقہ بتایا جائے گا۔

اگر ان سے مطمئن ہوں تو نیچے جوائن بیٹا پر کلک کرکے اس فیچر کے ذریعے ڈیوائسز میں فون کنکٹ کیے بغیر واٹس ایپ استعمال کرسکتے ہیں۔

اس کے بعد ویب یا ڈیسک ٹاپ ورژن پر کیو آر کوڈ کو اسکین کرنا ہوگا اور ایک بار پھر 4 ڈیوائسز پر ایسا کرنے پر اگر آپ اپنا موبائل بند کر بھی دیں تو بھی وٹس ایپ ان ڈیوائسز پر استعمال کرنا ممکن ہوگا۔

اس صورت میں ہر ڈیوائس کی اپنی منفرد آئی ڈی ہوگی اور وہ سب آپ کے سرور اکاؤنٹ سے لنک ہوں گی۔

کچھ چیزیں دستیاب نہیں ہوں گی

اس نئی اپ ڈیٹ کے حوالے سے کچھ مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے، یعنی لنک ڈیوائس پر صارفین واٹس ایپ چیٹ کو ڈیلیٹ نہیں کرسکیں گے، ٹیبلیٹس یا آئی پیڈز پر نیا ملٹی ڈیوائس میٹا ورژن استعمال نہیں ہوگا۔

کنکٹڈ ڈیوائسز کو لائیو لوکیشن تک رسائی نہیں ہوگی اور اس فیچر میں براڈکاسٹ کو بنانا یا دیکھنا ممکن ہوگا۔

یہ لنکڈ ڈیوائسز 14 دن تک بغیر اسمارٹ فون کے کام کرسکیں گی جس کے بعد پھر فون کو ان سے کنکٹ کرنے کی ضرورت ہوگی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں