Dawn News Television

اپ ڈیٹ 26 نومبر 2021 04:31pm

پہلے ٹیسٹ میں مشفیق اور لٹن کی عمدہ شراکت، بنگلہ دیش کے 4وکٹوں پر 253رنز

پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں مشفیق الرحیم اور لٹن داس کی ڈبل سنچری شراکت کی بدولت میزبان بنگلہ دیش نے میچ میں شاندار انداز میں واپسی کرتے ہوئے پہلے دن کے اختتام پر 4وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنا لیے ہیں۔

چٹاگانگ میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

میزبان ٹیم کو 19 کے مجموعی اسکور پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا اور سیف حسن 14 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔

دوسرے اوپنر شادمان اسلام کی اننگز 33 کے مجموعے پر اختتام کو پہنچی اور وہ 14 کے انفرادی اسکور پر حسن علی کی گیند پر ایل بھی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

کپتان مومن الحق بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جبکہ نجم الحسین شانتو 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش کےخلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے 12 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان، محمد عباس ڈراپ

49 رنز پر چار وکٹیں گنوانے کے بعد مشفیق الرحیم اور لٹن داس نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سہارا دیا اور پاکستانی باؤلرز کو مزید وکٹیں لینے کا کوئی موقع نہ دیا۔

دونوں نے دوسرے اور تیسرے سیشن میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور 204 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کا اسکور 253 رنز تک پہنچا دیا۔

لٹن داس نے اپنے ٹیسٹ کریئر کی پہلی سنچری اسکور کی اور 113 رنز بنا کر مشفیق الرحیم کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جو 82 رنز بنا چکے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف اور اسپنر ساجد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل میچ میں پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور بنگلہ دیش کے یاسر علی ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں:

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، عبداللہ شفیق، عابد علی، اظہر علی، فہیم اشرف، فواد عالم، حسن علی، نعمان علی، ساجد خان اور شاہین شاہ آفریدی۔

بنگلہ دیش: مومن الحق (کپتان)، شادمان اسلام، سیف حسن، نجم الحسین شانتو، مشفیق الرحیم، لٹن داس، یاسر علی، مہدی حسن میراز، تیج الاسلام، ابو جید اور عبادت حسین۔

Read Comments