ماڈل مشک کلیم دو ہفتوں بعد پیا گھر سدھار جائیں گی

26 نومبر 2021
ماڈل کے مطابق وہ 17 دسمبر کو پیا گھر سدھار جائیں گی—فوٹو: انسٹاگرام
ماڈل کے مطابق وہ 17 دسمبر کو پیا گھر سدھار جائیں گی—فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کی نامور اور سپر ماڈل مشک کلیم نے تصدیق کی ہے کہ وہ آئندہ ماہ دسمبر کے وسط تک پیا گھر سدھار جائیں گی۔

مشک کلیم نے 25 نومبر کو انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو بتایا کہ وہ اگلے ماہ کے وسط تک نئی زندگی کا آغاز کرنے جا رہی ہیں۔

سپر ماڈل کے مطابق ان کے نکاح کی تقریب 15 جب کہ رخصتی 17 اور ولیمے کی تقریب 18 دسمبر کو ہوگی۔

مشک کلیم نے شادی کا دعوت نامہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی زندگی کا اہم ترین دن محض 20 دن دور ہے اور ابھی سے ہی الٹی گنتی شروع ہو چکی۔

انہوں نے پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے ایم اینڈ این زیڈ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

اگرچہ مشک کلیم نے تصدیق کی کہ وہ آئندہ ماہ کے وسط تک رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گی، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کی شادی کہاں ہوگی؟

شادی کے اعلان سے ایک دن قبل 24 نومبر کو انہوں نے اپنے شریک حیات کے ساتھ رومانوی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے پوچھا تھا کہ کیا وہ انہیں سب کچھ بتادیں؟

یہ بھی پڑھیں: اشتہارات کے لیے رنگ گورا نہیں کرسکتی: ماڈل مشک کلیم

مشک کلیم کی جانب سے منگیتر کے ساتھ شیئر کی گئی پوسٹ شیئر پر کئی شوبز و فیشن کی اہم شخصیات نے کمنٹ کیے کہ انہیں تو پہلے ہی سب کچھ پتا ہے اور ساتھ ہی انہوں نے ماڈل کو مبارک باد بھی پیش کی تھی۔

ماڈل کے شریک سفر کا نام نادر ضیا ہے اور انہوں نے پہلی بار 24 نومبر کو ہی ان کے ساتھ رومانوی تصاویر شیئر کی تھیں۔

مشک کلیم نے انتہائی کم عمری میں 2009 سے ماڈلنگ کا آغاز کیا تھا اور انہیں ماڈلنگ کی دنیا میں ایک دہائی سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے، ان کی عمر 27 سال ہے۔

مشک کلیم نے سال 2020 میں لکس اسٹائل ایوارڈز میں بہترین ماڈل کا ایوارڈ بھی جیتا تھا جب کہ اس سے قبل بھی وہ متعدد ایوارڈز اپنے نام کر چکی تھیں۔

مشک کلیم کا شمار ملک کی سپر ماڈلز میں ہوتا ہے اور وہ تقریبا تمام بڑے برانڈز کے ساتھ کام کر چکی ہیں۔

مشک کلیم حیران کن طور پر فیشن اور میک اپ مصنوعات کے بجائے موم بتی کا کاروبار بھی کرتی ہیں اور ان کی موم بتی کا نام بھی مشک ہے۔

گزشتہ برس اکتوبر میں انہوں نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ وہ 2019 میں 25 سال کی عمر میں ’ڈسمورفوبیا‘ اور ’انوریکسیا‘ نامی مرض کا شکار ہوئی تھیں۔

’ڈسمورفوبیا‘ دراصل ایک ایسی ذہنی کیفیت کا نام ہے، جس میں مبتلا ہونے والے شخص کو ہر وقت یہ خوف طاری رہتا ہے کہ وہ وزن بڑھ جانے کی وجہ سے بدصورت ہوجائے گا۔

انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا تھا کہ ’انوریکسیا‘ کا شکار بھی رہی ہیں، جو دراصل کھانے کی بدنظمی اور اپنے جسمانی خدوخال و وزن سے متعلق پیدا ہونے والی تشویش سے متعلق ذہنی بیماری ہے۔

ماڈل نے بتایا تھا کہ وہ ایک سال تک وزن بڑھ جانے یا بدصورت ہونے کے خوف میں مبتلا رہیں تاہم بعد ازاں انہوں نے وزن بڑھ جانے کی پریشانی کو ذہن و دل سے نکال دیا تو وہ خود کو پرسکون محسوس کرنے لگیں۔

مزید پڑھیں: ماڈل مشک کلیم کا وزن بڑھ جانے کے خوف میں مبتلا رہنے کا اعتراف

مشک کلیم کی رنگت سانولی یا گندمی ہے اور 2019 میں انہوں نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ ان کی رنگت کی وجہ سے کپڑوں کے کچھ برانڈز کو مسئلہ ہے۔

ماڈل نے انکشاف کیا تھا کہ کپڑوں کے برانڈز تشہیری اشتہارات میں فوٹوشاپ کے ذریعے ان کی رنگت کو سانولے سے گورا کررہے ہیں۔

ماڈل نے پوسٹ کے ذریعے واضح کیا تھا کہ ان کی پہچان گوری نہیں بلکہ سانولی اور گندمی رنگت ہے اور انہیں اپنے رنگ پر فخر ہے اور وہ ماڈلنگ کے لیے رنگت گوری نہیں کر سکتیں۔

تبصرے (0) بند ہیں