Dawn News Television

شائع 28 نومبر 2021 07:46pm

کراچی گرین لائن بس منصوبہ 25 دسمبر سے فعال ہوگا، اسد عمر

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے طویل عرصے تک تاخیر کا شکار ہونے والا کراچی گرین لائن بس منصوبہ اگلے 10 دنوں میں مکمل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 25 دسمبر سے کمرشل بنیاد پر فعال ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں اسد عمر نے کہا کہ ‘کل کراچی گرین لائن منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا، ان شااللہ اگلے دس دن میں یہ منصوبہ ٹرائل آپریشن کے لیے تیار ہو گا’۔

مزید پڑھیں: گرین لائن منصوبے کیلئے 40 بسوں کی پہلی کھیپ کراچی پہنچ گئی

انہوں نے کہا کہ ‘اس کے بعد وزیراعظم عمران خان کراچی آ کر منصوبے کا افتتاح کریں گے، تقریباً دو ہفتے ٹرائل آپریشن کے بعد ان شااللہ 25 دسمبر کو کمرشل آپریشن کا آغاز کر دیا جائے گا’۔

یاد رہے کہ کراچی میں وفاقی حکومت کے 16.85 ارب روپے کے بس منصوبے کا سنگ بنیاد سابق وزیراعظم نواز شریف نے فروری 2016 میں رکھا تھا۔

جس کے بعد منصوبے کو مزید وسیع کرتےہوئے 10 کلومیٹر کا اضافہ کردیا گیا تھا اور لاگت کا تخمینہ 24 ارب روپے تک لگایا گیا تھا۔

ابتدائی طور پر اس منصوبے کو 2017 کے آخر تک مکمل ہونا تھا لیکن نئی ڈیڈ لائنز دی جاتی رہیں، منصوبے کے آغاز سے روڈ کے دونوں اطراف رکاؤٹوں کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اسی طرح دکانداروں اور کاروبار افراد کو بھی منصوبے میں تاخیر کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکز میں حکومت آنے کے بعد یہ منصوبے طوالت اختیار کرگیا تھا تاہم گزشتہ ماہ (24 اکتوبر) کو گرین لائن منصوبے کی 40 بسوں کی دوسری اور آخری کھیپ کراچی پہنچ گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں اگلے سال کے وسط تک گرین لائن چلتی نظر آئے گی، اسد عمر

حکام کی طرف سے بتایا گیا کہ کراچی کے شہریوں کے لیے بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم (بی آر ٹی ایس) کے تحت 80 بسوں کے ساتھ اس منصوبے کا آغاز کیا جائے گا۔

ایک اندازے کے مطابق اس منصوبے سے روزانہ تقریباً 3 لاکھ شہری مستفید ہوں گے۔

گرین لائن منصوبے کی 40 بسوں کی پہلی کھیپ 19 ستمبر کو کراچی پہنچی تھی، جس کو وزیر منصوبہ بندی نے امید کی کرن اور ایک سنگ میل سے تعبیر کیا تھا۔

اسد عمر نے کہا تھا کہ کراچی والوں کے لیے 40 سال کے طویل دور کے بعد جدید سرکاری ٹرانسپورٹ کی سہولت کا آغاز ہوگا۔

Read Comments