Dawn News Television

شائع 03 دسمبر 2021 12:20am

اسلام آباد یونائیٹڈ کا اظہر محمود کو ہیڈ کوچ بنانے کا اعلان

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی دو مرتبہ کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود کو فرنچائز کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔

لیگ کے پہلے اور تیسرے ایڈیشن کی فاتح فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ نے اظہر محمود کو ساتویں ایڈیشن کے لیے ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد یونائیٹڈ کا مصباح کو معاہدے میں توسیع نہ دینے کا اعلان

گزشتہ سیزن میں جوہان بوتھا یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ تھے لیکن وہ آسٹریلیا میں ذمے داریوں کے سبب اس سیزن میں فرنچائز کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

164 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اظہر محمود نے لیگ کے افتتاحی ایڈیشن میں بطور کھلاڑی اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کی تھی جبکہ وہ دنیا بھر میں ٹی20 کرکٹ کھیلنے کا وسیع تجربہ بھی رکھتے ہیں۔

وہ بطور کوچ قومی ٹیم کے ساتھ منسلک رہنے کے ساتھ ساتھ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے لیے بھی کوچنگ کر چکے ہیں جبکہ رواں سال وہ انگلش ٹیم کے باؤلنگ کنسلٹنٹ بھی رہ چکے ہیں۔

اظہر محمود نے بحیثت کوچ تقرر کرنے پر فرنچائز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آبادئی شہر ہونے کی وجہ سے راولپنڈی اور اسلام آباد ہمیشہ میرے دل کے بہت قریب رہے ہیں جبکہ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ مقامی کوچز کو بھی مواقع فراہم کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2021: رومان رئیس اسلام آباد یونائیٹڈ کے باؤلنگ کنسلٹنٹ مقرر

واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ابتدائی چار سیزن کے لیے ڈین جونز کو کوچ کی ذمے داری سونپی تھی اور ان کی نگرانی میں ٹیم نے دو مرتبہ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

2019 میں فرنچائز نے مصباح الحق کا ہیڈ کوچ کی حیثیت سے تقرر کردیا تھا لیکن دو سال بعد ان کی جگہ 2021 کے سیزن کے لیے جنوبی افریقہ کے جوہان بوتھا کو کوچنگ کی ذمے داری دی تھی۔

Read Comments