Dawn News Television

شائع 06 دسمبر 2021 07:20pm

موٹرولا کے نئے فلیگ شپ فون کے فیچرز دنگ کردیں گے

حال ہی میں کوالکوم نے نئے فلیگ شپ پراسیسر اسنیپ ڈراگون 8 جنریشن 1 کو جاری کیا تھا اور موٹرولا اسے استعمال کرنے والی پہلی کمپنی بننے والی ہے۔

موٹرولا کی جانب سے 9 دسمبر کو نیا فلیگ شپ فون موٹو ایچ ایکس 30 متعارف کرایا جارہا ہے۔

کمپنی نے فون کی کچھ تفصیلات بھی بتائی ہیں جن کے مطابق اس فون میں بیک پر 3 جبکہ فرنٹ پر ایک کیمرا سیٹ اپ ہوگا۔

موٹو ایج ایکس 30 کے بیک پر مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہوگا جس کے ساتھ 50 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اینگل اور ایک اور کیمرا ہوگا۔

مختلف لیکس کے مطابق اس فون کے فرنٹ پر کیمرا بھی چونکا دینے والا ہوگا جو 60 میگا پکسل کا ہوسکتا ہے یعنی بیشتر اسمارٹ فونز کے بیک مین کیمرے سے بھی طاقتور۔

اگر یہ بات درست ہوئی تو یہ دنیا کا پہلا فون ہوگا جس کا سیلفی کیمرا 60 میگا پکسل کا ہوگا۔

موٹرولا کا یہ فلیگ شپ فون ممکنہ طور پر 12 جی بی تک ریم اور اینڈرائیڈ 12 آپریٹنگ سسٹم سے لیس ہوگا۔

اسی طرح 5000 ایم اے ایچ بیٹری 68 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ ہوگی جبکہ امولیڈ ڈسپلے 144 ہرٹز ریفریش ریٹ، ایچ ڈی آر 10 پلس سپورٹ سے لیس ہوگا۔

چین میں لیناوو (موٹرولا کی ملکیت رکھنے والی کمپنی) کے موبائل بزنس کے جنرل منیجر چین جن نے موٹو ایج ایکس 30 کے کیمرے رات کو لی گئی چند تصاویر کے نمونے بھی جاری کیے۔

ان تصاویر سے عندیہ ملتا ہے کہ اس کا بیک کیمرا سیٹ اپ کم روشنی میں حیران کن حد تک زبردست کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

فون میں فرنٹ اور بیک پر ڈبل سائیڈڈ کورننگ گوریلا گلاس پروٹیکشن فراہم کی جائے گی۔

Read Comments