Dawn News Television

اپ ڈیٹ 23 دسمبر 2021 04:40pm

پیپلز پارٹی کے پاس ملک کی ترقی کیلئے ماسٹر پلان ہے، زرداری

مرکز کی غلط پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے سابق صدر و پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ موجودہ دورِ حکومت میں گیس، کوئلے اور تیل جیسے قدرتی وسائل ہونے کے باوجود بھی ملک کی معیشت بڑے نقصانات سے گزر رہی ہے جبکہ گزشتہ 70 سالوں میں کبھی ایسے حالات نہیں دیکھے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جلد اقتدار میں آئے گی اور اس نے ملک کے لیے ماسٹر پلان تیار کیا ہے، اس پلان کے تحت پاکستان خوشحال اور سرسبز ہوگا، ملک کے شہروں، دیہاتوں اور قصبوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرتے ہوئے انہیں ترقی دی جائے گی۔

مزید پڑھیں: حکومت ہے ہی نہیں تو چلی کیا جائے گی، آصف زرداری

سابق صدر نے دعویٰ کیا کہ سندھ میں ملک کو چلانے کی طاقت اور صلاحیت موجود ہے، جب بھی پاکستان پیپلز پارٹی اقتدار میں آئی لوگ سمجھتے تھے کہ انہیں اقتدار ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ چھوٹے دعوے لیکن بڑے کام کیے ہیں۔

آصف علی زرداری نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ 2008 میں اقتدار میں آنے کے بعد انہوں نے 18ویں ترمیم کا کوئی دعویٰ نہیں کیا تھا لیکن انہوں نے یہ کیا، اس کے علاوہ بلوچستان کے لوگوں کو حقوق دیے اور شمالی مغربی سرحدی صوبے کو خیبر پختونخوا کا نام دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ اقتدار میں آنے سے قبل تمام مقاصد حاصل کرنے کے دعوے کرتے تو انہیں اقتدار میں آنے نہیں دیا جاتا۔

یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری کی صحت کی جانچ کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل

سابق صدر نے کہا کہ انہوں نے اپنے دور میں تاریخی کارنامے سرانجام دیے، ایسا دیگر حکمران اپنے ادوار میں نہیں کر پائے۔

عمران خان یا ان کی حکومت کا نام لیے بغیر ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ درست انداز میں ملک نہیں چلا رہے ہیں، انہوں نے تبدیلی کا نعرہ لگا کر ملک اور معیشت کو تباہ کردیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کو تباہی سے بچائے گی کیونکہ یہ ’ہمارا ملک‘ ہے۔

Read Comments