حکومت ہے ہی نہیں تو چلی کیا جائے گی، آصف زرداری

اپ ڈیٹ 29 جون 2021
پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر آصف زرداری کی میڈیا سے گفتگو—تصویر: ڈان نیوز
پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر آصف زرداری کی میڈیا سے گفتگو—تصویر: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ 'حکومت ہے ہی نہیں تو چلی کیا جائے گی'۔

یہ بات انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ڈان نیوز کے نمائندے نے سابق صدر سے سوال کیا کہ آپ نے کہا تھا کہ حکومت چلی جائے گی اب کیا صورتحال دیکھ رہے ہیں؟

جس پر انہوں نے جواب دیا کہ حکومت تو ہے نہیں چلی کیا جائے گی؟ ہو تو جائے گی ناں یہ تو مانگے تانگے پر گھس گھسا کر (نظام) چلا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ملک کی سیاست کیلئے اگلے چند ماہ بہت اہم ہیں، زرداری

افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال خطرناک ہے اس کے اثرات پاکستان پر آسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ہمیں سوچنا بھی ہے اور اس پر نظر بھی رکھنی ہے، جو اس میں شامل ہے وہ دیکھتے ہوں گے۔

اسرائیلی حکام سے ملاقاتوں پر پارلیمان کو اعتماد میں لینے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارلیمان کو ضرور ہر معاملے پر اعتماد میں لیا جانا چاہیے۔

خیال رہے کہ جنوری میں سابق صدر آصف علی زرداری نے بیان دیا تھا کہ ملک کی سیاست کے مستقبل کے لیے اگلے کچھ ماہ بہت اہم ہیں۔

مزید پڑھیں: لاہور: پی ٹی آئی حکومت کے اتحادی پرویز الہٰی کی آصف زرداری سے ملاقات

انہوں نے کہا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت گھر جائے کیونکہ اس کی نااہلی اور غیر تجربہ کاری ملک کو بڑے بحران سے دوچار کرسکتی ہے۔

سابق صدر نے کہا تھا کہ ’یہ سلیکٹڈ حکمران اپنے ہی وزن کے ساتھ گر جائیں گے بس انہیں آخری دھکے کی ضرورت ہے‘۔

تبصرے (0) بند ہیں