Dawn News Television

اپ ڈیٹ 23 دسمبر 2021 06:45pm

کراچی کے شہریوں کے لیے بجلی کی قیمتوں میں بڑے اضافے کی درخواست

کراچی میں بجلی کی واحد تقسیم کار کمپنی ’کے الیکٹرک‘ نے جمعرات کے روز نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے تحت بجلی کے نرخوں میں 5 روپے 50 پیسے اضافہ کرنے کی اجازت طلب کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے جولائی سے ستمبر کے لیے 5 روپے 18 پیسے اور نومبر کے لیے 32 پیسے اضافے کی درخواست دی ہے۔

کے الیکٹرک کی درخواست پر نیپرا 3 جنوری 2022 کو فیصلہ سنائے گی۔

ٹیرف مکانزم کے تحت ایندھن کی قیمت میں ہونے والی تبدیلی کو خود کار نظام کے تحت ماہانہ بنیاد پر عوام تک پہنچایا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی کے شہریوں کیلئے بجلی فی یونٹ 3 روپے 75 پیسے مہنگی

سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ بجلی کی قیمتِ خرید میں تبدیلی، کیپیسٹی چارجز، مرمتی اخراجات، سسٹم چارجز کے استعمال اور ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے نقصانات کے اثرات سمیت وفاقی حکومت کی طرف سے بنیادی ٹیرف میں شامل ہوتے ہیں۔

نومبر کے مہینے میں نیپرا نے وفاقی حکومت کو اجازت دی تھی کہ وہ آئی ایم ایف کے پروگرام کی شرط پوری کرنے کے لیے بجلی کے نرخوں میں تمام رہائشی صارفین کے لیے بنیادی ٹیرف میں ایک روپے 68 پیسے جبکہ تمام دیگر صارفین کے لیے ایک روپے 39 پیسے فی یونٹ اضافہ کردے جس کا اطلاق یکم نومبر سے ہوگا۔

اس بڑھے ہوئے نرخ کا اطلاق ملک بھر کے صارفین بشمول کے الیکٹرک کے صارفین پر ہوگا تاہم ماہانہ 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین اس اضافے سے محفوظ رہیں گے۔

Read Comments