اومیکرون قسم ڈیلٹا کو ختم کرنے کی وجہ بن سکتی ہے، تحقیق
کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون ڈیلٹا کو ختم کرنے کا باعث بن سکتی ہے۔
یہ دعویٰ جنوبی افریقہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا جس کے مطابق اومیکرون سے متاثر افراد میں ڈیلٹا سے بیمار ہونے کا امکان بہت کم ہوتا ہے۔
مگر اس تحقیق میں بہت کم افراد کو شامل کیا گیا تھا تو نتائج کو حتمی قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو افراد اومیکرون سے متاثر ہوتے ہیں بالخصوص ویکسینیشن کے بعد، ان میں ڈیلٹا قسم کے خلاف مدافعت میں اضافہ ہوجاتا ہے۔
اس تحقیق میں 33 ویکسینیشن کرانے والے یا ویکسینیشن سے دور رہنے والے ایسے افراد کو شامل کیا گیا تھا جن میں جنوبی افریقہ میں اومیکرون سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ان افراد میں ڈیلٹا قسم کو ناکارہ بنانے والی اینٹی باڈیز کی سطح میں 4.4 گنا اضافہ ہوا۔
محققین نے بتایا کہ متاثرہ افراد میں ڈیلٹا کو ناکارہ بنانے والی اینٹی باڈیز میں اضافے کے نتیجے میں یہ ممکنہ عندیہ ملتا ہے کہ ان میں ڈیلٹا سے دوبارہ بیمار ہونے کا امکان کم ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اومیکرون ڈیلٹا کو پیچھے ہٹاتا ہے تو امکان ہے کہ کووڈ 19 سے زیادہ بیمار ہونے کے کیسز کی شرح میں بھی کمی آئے اور یہ وبائی مرض زیادہ خطرناک نہ رہے۔