Dawn News Television

شائع 01 جنوری 2022 11:22am

پنجاب میں ’اومیکرون‘ کے 49 کیسز رپورٹ

پنجاب میں پہلی بار کورونا وائرس کے ویرینٹ ’اومیکرون‘ کے 49 مصدقہ کیسز سامنے آگئے جن میں سے زیادہ تر کیسز لاہور میں سامنے آئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عہدیدار نے کہا کہ وبا کے نئے ویرینٹ کے 48 مصدقہ کیسز لاہور سے رپورٹ ہوئے جبکہ ایک کیس بہاولپور میں سامنے آیا۔

انہوں نے کہا کہ نئے ویرنٹ کے پہلے مریض کا مثبت ٹیسٹ گلبرگ کے پوش علاقے میں سامنے آیا۔

اومیکرون کا شکار 23 سالہ مریض نے حال ہی میں سندھ کا سفر کیا تھا اور شبہ ہے کہ وہ اپنے حالیہ دورے کے دوران کراچی سے وائرس لے کر آیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں ایک ہی خاندان کے 15 افراد میں اومیکرون کی تصدیق

عہدیدار نے کہا کہ محکمہ صحت نے نوجوان کے گھر ٹیمیں روانہ کیں، اس کے قریبی رشتہ داروں اور دیگر فوری رابطہ کاروں کے نمونے حاصل کیے، بعد ازاں ٹیسٹ رپورٹس نے 12 افراد کی مریض سے رابطے کی تصدیق کی جن میں اس کے خاندان کے افراد، اومیکرون کے مریض شامل تھے۔

دریں اثنا ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کی ٹیموں نے لیبارٹریوں سے کچھ رپورٹس حاصل کیں جن میں وائرس سے متاثرہ مزید مریضوں کی تصدیق ہوئی اور اب تک پنجاب میں 49 افراد کے اومیکرون سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں بیشتر کیسز گلبرگ اور کنٹونمنٹ کے علاقوں سے رپورٹ کیے گئے جبکہ وبا کے نئے ویرینٹ سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

Read Comments