Dawn News Television

شائع 27 جنوری 2022 04:27pm

گلیکسی ایس 22 سیریز کی تمام تر تفصیلات اور قیمتیں قبل از وقت لیک

سام سنگ کی جانب سے 9 فروری کو سال کے پہلے ایونٹ کا انعقاد ہورہا ہے۔

اس ایونٹ میں گلیکسی ایس 22 سیریز اور گلیکسی ٹیب ایس 8 سیریز کو پیش کیا جائے گا۔

گلیکسی ایس 22، ایس 22 پلس اور ایس 22 الٹرا ہی اس ایونٹ میں توجہ کا مرکز ہوں گے اور ان تینوں کے بارے میں اب تک کافی لیکس سامنے آچکی ہیں۔

مگر اب نئی لیک کو سب سے بڑا سمجھا جاسکتا ہے جس میں تمام تر تفصیلات، قیمت اور ان کی ہائی کوالٹی تصاویر تک کو فراہم کیا گیا ہے۔

گلیکسی ایس 22

لیک کے مطابق اس فون میں 6.1 انچ کا ڈائنامک امولیڈ ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ اور گوریلا گلاس وکٹس پروٹیکشن سے لیس ہوگا۔

ایس 22 میں کمپنی ا پنا تیار کردہ اوکٹا کور ایکسینوس 2200 پراسیسر (کچھ ممالک میں اسنیپ ڈراگون ورژن بھی ہوسکتا ہے) دیا جائے گا۔

اس کے ساتھ 8 جی بی ریم، ایم ایم ڈی آر ڈی این اے 2 گرافکس، وائی فائی 6، بلیوٹوتھ 5.2 اور 5 جی سپورٹ بھی ڈیوائس کا حصہ ہوگی۔

اس فون کے بیک پر 3 کیمرے موجود ہوں گے جس کا مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہوگا جبکہ 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 10 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرے اس سیٹ اپ کا حصہ ہوں گے۔

فرنٹ پر 10 میگا پکسل کیمرا ڈسپلے کے سینٹر میں پنچ ہول ڈیزائن میں چھپا ہوا ہوگا جبکہ 3700 ایم اے ایچ بیٹری ڈیوائس کا حصہ ہوگی۔

اس فون کا 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 849 یورو (ایک لاکھ 68 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 899 یورو (ایک لاکھ 78 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔

گلیکسی ایس 22 پلس

ایس 22 پلس لگ بھگ ایس 22 جیسا ہی ہوگا بس اس میں بڑا ڈسپلے اور زیادہ طاقتور بیٹری کا اضافہ کیا گیا ہے۔

فون میں 6.6 انچ کا ڈائنامک امولیڈ ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ کے ساتھ ہوگا جبکہ اس کے لیے تحفظ کے لیے گوریلا گلاس وکٹس پروٹیکشن کی مدد لی گئی ہے۔

ایس 22 پلس میں 4500 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہوگی جس کے ساتھ ابھی فاسٹ چارجنگ سپورٹ واضح نہیں۔

پراسیسر اور کیمرا سیٹ اپ ایس 22 جیسا ہی ہوگا۔

8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والے ماڈل کی قیمت 1049 یورو (2 لاکھ 8 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 256 جی بی اسٹوریج والے ماڈل کی قیمت 1099 یورو (2 لاکھ 68 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہوگی۔

گلیکسی ایس 22 الٹرا

یہ اس سیریز بلکہ سام سنگ کا اب تک کا سب سے طاقتور فون بھی ہوگا جس میں 6.8 انچ کا ڈائنامک امولیڈ ڈسپلے دیا جائے گا۔

ڈسپلے میں ایک سے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ موجود ہوگی جبکہ گوریلا گلاس وکٹس پروٹیکشن بھی دستیاب ہوگی۔

ہارڈویئر کے لحاظ سے دیکھا جائے تو پراسیسنگ کو ڈرامائی حد تک بہتر بنایا گیا ہے اور اسنیپ ڈراگون کا نیا پراسیسر اس کا حصہ ہوگا۔

فون کا مین کیمرا 108 میگا پکسل کے ساتھ آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن کے فیچر سے لیس ہوگا۔

اس کے ساتھ 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ، 10۔ 10 میگا پکسل کے 2 ٹیلی فوٹو کیمرے بھی اس سیٹ اپ کا حصہ ہوں گے۔

فرنٹ پر 40 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا جائے گا اور پہلی بار سام سنگ کے کسی فون میں اتنا طاقتور سیلفی کیمرا دیا جارہا ہے۔

فون میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہوگی جبکہ بلٹ ان ایس پین بھی اس کا حصہ ہوگا۔

اس فون کا 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا فون 1249 یورو (2 لاکھ 47 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 1349 یورو (2 لاکھ 67 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 12 جی بی ریم اور 512 جی بی اسٹوریج والا ورژن 1449 یورو (2 لاکھ 87 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔

Read Comments