Dawn News Television

شائع 15 فروری 2022 06:06pm

نوکیا نے خاموشی سے ایک سستا اسمارٹ فون متعارف کرا دیا

نوکیا نے خاموشی سے ایک سستا اسمارٹ فون متعارف کرا دیا ہے۔

نوکیا جی 11 کے بارے میں کمپنی نے پہلے سے کوئی اعلان نہیں کیا تھا اور اس فون کے ساتھ طویل بیٹری لائف اور 2 آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹس فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

نوکیا جی 11 ہارڈ ویئر کے لحاظ سے کافی حد تک جی 21 سے ملتا جلتا ہے جسے 14 فروری کو ہی متعارف کرایا گیا تھا۔

اس نئے فون میں یونی ایس او سی ٹی 606 پراسیسر دیا گیا ہے جس کے ساتھ 3 جی بی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔

فون میں مائیکرو ایس ڈی سلاٹ موجود ہے جس سے اسٹوریج میں 512 جی بی تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

جی 11 میں بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس کا مین کیمرا 13 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 2 میگا پکسل ڈٰپتھ اور 2 میگا پکسل میکرو کیمرے موجود ہیں۔

نوکیا جی 11 میں 6.5 انچ کا ایل سی ڈی ڈسپلے 90 ہرٹز ریفریش ریٹ اور ایچ ڈی پلس ریزولوشن سپورٹ سے لیس ہے۔

فرنٹ پر 8 میگا پکسل سیلفی کیمرا واٹر ڈراپ نوچ میں چھپا ہوا ہے۔

فون کے اندر 5050 ایم اے ایچ بیٹری 18 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے اور سنگل چارج پر 3 دن تک استعمال کیا جاسکتا ہے (اس کا انحصار استعمال کی نوعیت پر ہوگا)۔

اس فون کی قیمت 159 یورو (31 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے مگر فی الحال دستیابی کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

Read Comments