Dawn News Television

اپ ڈیٹ 29 مارچ 2022 04:15pm

ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ، قیمت 182 روپے سے تجاوز کر گئی

مقامی منڈیوں میں روپے کے مقابلے امریکی ڈالر کا غلبہ برقرار ہے اور پیر کو روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 41 پیسے کا اضافہ ہوا۔

ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈالر نے 182 روپے کا ہندسہ عبور کیا جبکہ اس کی قیمت 182 روپے 19 پیسے پر بند ہوئی۔

مزید پڑھیں: ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں ایک ماہ کے دوران بڑا اضافہ

انٹربینک مارکیٹ میں کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتیں دوبارہ بڑھنے کی وجہ سے طلب اب بھی زیادہ ہے۔

رواں مالی سال کے آٹھ ماہ کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق درآمدات میں 47 فیصد اضافہ دیکھا گیا جس سے ڈالر کی مانگ میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

بینکرز کا کہنا ہے کہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی زبردست گراوٹ کو روکنے کا فوری طور پر کوئی حل نہیں ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں کرنسی ٹریڈرز کا کہنا ہے کہ پیر کو ڈالر کی قیمت 183.30 روپے تک پہنچی لیکن گزشتہ سال کے مقابلے میں تجارت صرف 10 فیصد تک کم ہو گئی۔

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان نے کہا کہ مقامی مارکیٹ میں کرنسی کا کاروبار ایک سال پہلے کے مقابلے میں صرف 10 فیصد گرا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

ان کے مطابق 90 فیصد زرمبادلہ بینکوں میں جمع ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین میں طویل جنگ اور تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے ہماری شرح مبادلہ کو نقصان پہنچایا ہے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر بھی کم ہو رہے ہیں، خام تیل کی قیمت 115 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی ہے۔

Read Comments