Dawn News Television

اپ ڈیٹ 02 مئ 2022 11:36pm

روسی وزیر خارجہ کا ہٹلر کو یہودی قرار دینے پر اسرائیل کا معافی کا مطالبہ

اسرائیل نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کے اس بیان کی مذمت کی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایڈولف ہٹلر کا تعلق یہودی نسل سے تھا اور معافی مطالبہ کردیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی 'رائٹرز' کی خبر کے مطابق اسرائیل نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف پر یہود دشمنی کے جذبات پھیلانے اور ہولوکاسٹ کی اہمیت کو کم تر کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ 'اس طرح کے جھوٹ کا مقصد یہودیوں کے اپنے خلاف ہونے والے تاریخ کے سب سے ہولناک جرائم کا الزام خود ان پر لگانا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیل نے روس کے ساتھ خفیہ معاہدے کے تحت شام کے لیے ویکسین خریدلی

اسرائیلی وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی مقاصد کے لیے یہودیوں کے ہولوکاسٹ کا استعمال فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔

اسرائیلی وزارت خارجہ نے سرگئی لاروف سے ان کے ان تبصروں پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا جو انہوں نے اتوار کو اٹلی کے ٹیلی ویژن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کیے تھے۔

اسرائیلی وزارت خارجہ نے روسی سفیر کو اس بیان پر احتجاج کے لیے طلب کیا تھا۔

وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ایڈولف ہٹلر کا یہودی نسل سے تعلق رکھنے کا دعویٰ کرنا ایسا ہی ہے جیسے یہ کہنا کہ یہودیوں نے خود کو ہلاک کیا اور یہودیوں پر یہود مخالف ہونے کا الزام لگانا 'نسل پرستی کی سب سے نچلی سطح' ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کیا عرب ممالک نے اسرائیل کے آگے ہتھیار ڈال دیے ہیں؟

اس معاملے پر تاحال روسی سفارت خانے یا خود وزیر خارجہ سرگئی لاروف کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

اٹلی کے چینل 'ریٹے4' ساتھ اپنے انٹرویو کے دوران سرگئی لاروف سے پوچھا گیا تھا کہ روس کس طرح کہہ سکتا ہے کہ اسے یوکرین کو 'نازی اثر و رسوخ سے پاک' کرنے کی ضرورت ہے جبکہ ملک کے صدر ولادیمیر زیلینسکی یہودی ہیں۔

سرگئی لاروف نے ایک اطالوی مترجم کے ذریعے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب وہ کہتے ہیں کہ ہم تو خود یہودی ہیں تو کس طرح سے یہ نازی ازم ہے، میں سمجھتا ہوں کہ ایڈولف ہٹلر بھی یہودیوں سے تعلق رکھتا تھا، اس لیے ان کی بات کا کوئی مطلب نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مسئلہ فلسطین: وہ کام جنہوں نے اسرائیل کے اندر ایک نیا محاذ کھول دیا

روسی وزیر خارجہ نے مزید کہا تھا کہ 'اب کافی عرصے سے ہم عقلمند یہودی لوگوں کو یہ کہتے ہوئے سن رہے ہیں کہ یہود مخالف سب سے بڑے خود یہودی ہیں'۔

ہولوکاسٹ میں مارے جانے والے 60 لاکھ یہودیوں کی یادگار اسرائیل کی یادگار یدواشیم کے چیئرمین دانی دیان کا کہنا تھا کہ روسی وزیر خارجہ کے ریمارکس 'حقیقی نازی ازم کے متاثرین کی توہین اور ان کے لیے بڑا دھچکا' ہیں۔

'کان' ریڈیو سے بات بات کرتے ہوئے، دانی دیان نے دعویٰ کیا کہ 'سرگئی لاروف یہود مخالف سازشی تھیوری پھیلا رہے ہیں جس کی اصل میں کوئی بنیاد نہیں'۔

ایڈولف ہٹلر کے آباد و اجداد میں سے کسی کی شناخت معلوم نہیں لیکن اس بارے میں کچھ ایسی قیاس آرائیاں کی گئی ہیں جن کی کبھی بھی کسی ثبوت سے توثیق نہیں ہوسکی کہ وہ شاید یہودی ہوسکتا ہے۔

کشیدہ تعلقات

اسرائیلی وزارت خارجہ نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کے اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ نازی حامی عناصر یوکرین کی حکومت اور فوج پر تسلط رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:'جھڑپوں' کو روکنے کیلئے اسرائیل اور حماس جنگ بندی پر متفق

اسرائیلی وزیر خارجہ جن کے دادا بھی ہولو کاسٹ میں مارے گئے تھے ان کا کہنا تھا کہ یوکرینی نازی نہیں ہیں، صرف نازی ہی نازی تھے اور صرف انہوں نے یہودی لوگوں کی منظم نسل کشی کی۔

جرمن حکومت کے ترجمان نے اس معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ کہ ایڈولف ہٹلر کے بارے میں سرگئی لاروف کا تبصرہ 'مضحکہ خیز پروپیگنڈا' تھا۔

فروری میں روسی حملے کے بعد اسرائیل نے بارہا یوکرین کی حمایت کا اظہار کیا لیکن ہمسایہ ملک شام میں ایک پاور بروکر، روس کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہونے سے محتاط رہتے ہوئے اس نے ابتدائی طور پر ماسکو پر براہ راست تنقید سے گریز کیا اور روسی امرا پر باقاعدہ پابندیاں نافذ نہیں کیں۔

یہ بھی پڑھیں:ہٹلر کی مبینہ ملکیت رہنے والا مگر مچھ 84 سال کی عمر میں چل بسا

تاہم، تعلقات مزید کشیدہ اس وقت ہو گئے ہیں جب گزشتہ ماہ اسرائیلی وزیر خارجہ نے روس پر یوکرین میں جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے کا الزام لگایا تھا۔

تاہم، یوکرینی صدر بھی اسرائیل میں اپنے ملک کے تنازع اور دوسری جنگ عظیم کے درمیان مشابہت پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مارچ میں اسرائیلی پارلیمنٹ سے خطاب میں ولادیمیر زیلنسکی نے یوکرین میں روسی حملے کا موازنہ دوسری جنگ عظیم کے دوران نازی جرمنی کے تمام یہودیوں کو قتل کرنے کے منصوبے سے کیا۔

دانی دیان نے ان کے تبصروں کو 'غیر ذمہ دارانہ' قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے ہولوکاسٹ کے تاریخی حقائق کی اہمیت کم کرکے انہیں معمولی بنا دیا۔

Read Comments